قوم وطن کے دفاع کیلئے برسرپیکار مسلح افواج کیساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہے ‘چوہدری حق نواز

ہفتہ 6 ستمبر 2014 15:39

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6 ستمبر۔2014ء)وزیر اعظم آزادکشمیر کے سیاسی مشیر چوہدری حق نواز نے کہاہے کہ پوری قوم وطن کے دفاع کے لیے برسرپیکار مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہے ‘ 1965 ء کی پاک بھارت جنگ میں ہمارے شاہینوں نے جس بہادری ، دلیری اور جرات کا مظاہرہ کیا اس کی مثال نہیں ملتی ‘ پاکستان ایٹمی قوت ہے اور ہماری مسلح افواج کے پاس جدید اسلحہ اور ساز و سامان ہے اور جذبہ شوق شہادت سے سرشار ہے ۔

پوری کشمیری قوم کو اپنی مسلح بہادر فوج پر فخر ہے ۔ کشمیری پاک فوج کے بلا معاوضہ سپاسی ہیں جو کسی بھی موقع پر پاک فوج کے ساتھ کسی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے یوم دفاع کے موقع پراپنے ایک بیان میں کیا ۔

(جاری ہے)

مشیر وزیر اعظم نے کہا کہ 06 ستمبر کا دن پاکستان کی تاریخ کا اہم اور مسلح افواج کی بہادری کا دن ہے 06 ستمبر 1965 ء کو پاک بھارت جنگ میں جس طرح ہماری فوج نے دشمن کے ٹینکوں کو سیالکوٹ میں قبرستان بنا دیا ۔

آج بھی دشمن کے عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے قوم میں اسی جذبہ اور ولوالہ کی ضرورت ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج بھر پور پیشہ وارانہ صلاحیتوں، مہارت ، ہمت اور شوق شہادت کے جذبہ سے سرشار ہے جب بھی وطن کی طرف کسی نے میلی آنکھ سے دیکھنے کی کوشش کی تو ہماری مسلح افواج نے بھر پور منہ توڑ جواب دیا ۔ آج بھی پاکستان کو جو اندرونی اور بیرونی چیلنج درپیش ہیں ۔ مسلح افواج ملک کی سلامتی پر کوئی انچ نہیں آنے دیں گے ۔