گورنمنٹ بوائز مڈل سکول پٹہکہ میں ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ لگایا گیا

پیر 8 ستمبر 2014 16:24

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8 ستمبر۔2014ء)کشمیر فاؤنڈیشن آزاد جموں کشمیر کے زیر اہتمام گورنمنٹ بوائز مڈل سکول پٹہکہ میں ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ نامور ریاستی ڈاکٹر پرویز اختر راٹھور اور ڈاکٹر محمد عمیر عباسی کی زیر نگرانی لگایا گیا۔ فری میڈیکل کیمپ میں 650 سے زائد مریضوں کا معائنہ کیا گیا اور فری ادویات بھی دی گئی۔ میڈیکل کیمپ میں ڈاکٹر پرویز اختر راٹھور، ڈاکٹر محمد عمیر عباسی کے علاوہ کشمیر فاؤنڈیشن کی جملہ قیادت بھی شریک ہوئی اور صبح 9 بجے سے شام 6 بجے تک کیمپ میں مریضوں کا چیک اپ کیا گیا۔

کیمپ میں ڈاکٹر پرویز اختر راٹھور کی جملہ ٹیم نے حصہ لیا جس میں محمد رستم، محمد اظہر، تنویر شیخ کے علاوہ دیگر نے بھی فری میڈیکل کیمپ کو کامیاب بنانے اور زیادہ سے زیادہ مریضوں کا چیک اپ اور ادویات فراہم کرنے میں جانفشانی سے کام کیا۔

(جاری ہے)

کیمپ میں چیک اپ کروانے والے مریضوں نے کشمیر فاؤنڈیشن کی انتظامیہ اور ڈاکٹر پرویز اختر راٹھور کی ٹیم کو ڈھیروں دعائیں دیں اور کہا کہ آج تک جتنے بھی فری میڈیکل کیمپ لگائے گئے ان میں ٹرخایا جاتا رہا ہے لیکن کشمیر فاؤنڈیشن کے میڈیکل کیمپ میں ایسا نہیں ہوا، تسلی سے چیک اپ کیا گیا اور ادویات بھی پوری پوری دی گئی ہیں۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ اللہ کشمیر فاؤنڈیشن کو دن دگنی رات چوگنی ترقی دے تا کہ انسانیت کی مدد بڑھ چڑھ کر کر سکے۔