کشمیری عوام کو حکمرانوں کی نا اہلی کے باعث بے پناہ مشکلات کا سامنا ہے، بیرسٹرافتخار گیلانی

ہفتہ 13 ستمبر 2014 17:07

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13ستمبر۔2014ء)مسلم لیگ (ن) کے رکن قانون ساز اسمبلی بیرسٹر افتخار علی گیلانی نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کے عوام حکمرانوں کی نااہلی کے باعث بے پناہ مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں عوام مسائل میں گھرے ہوئے ہیں عوام کو مسائل کی دلدل میں دھکیلنے والے حکمرانوں کا یوم حساب قریب ہے غفلت اور روائتی سست روی برتنے والوں کو عوام معاف نہیں کرینگے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزعوامی وفود سے گفتگو کے دوران کیا بیرسٹر افتخار نے کہا کہ بارشوں کے دوران سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگتی ہیں جبکہ بعض جگہوں پر جان بوجھ کر روائتی سست روی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کام نہیں ہو رہا چند ہفتوں میں ہونیوالے کام کو کئی مہینے گزر نے کے باوجود مکمل نہیں کیا جا تا میرٹ کی پائمالیوں اور سفارشی کلچر کو پروان چڑھایا جا رہا ہے ملازمتوں میں اپنے چہیتوں کو نوازا جا رہا ہے پڑھے لکھے نو جوان بے روزگاری کے عذاب میں مبتلا ہیں ان کا کوئی پرسان حال نہیں انہوں نے کہا کہ وفاق میں مسلم لیگ ن کی حکومت آزادکشمیر کے عوام کی فلاح وبہبود کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑرہی وفاق میں مسلم لیگ ن کی حکومت کے مثبت اثرات آزادکشمیر تک پہنچ چکے ہیں اب عوام تبدیلی محسوس کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے نوجوانوں کو میرٹ پر نوکریاں دینے کی بجائے جیالا نوازی کے کلچر کو پروان چڑھایا گیا وفاقی حکومت نے آزادکشمیر کے نوجوانوں کو مختلف سکیموں میں شامل کیا تعمیر و ترقی کیلئے بڑے منصوبوں پر وفاقی حکومت بھرپور توجہ دے رہی ہے انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے عوام حکمرانوں کی عدم دلچسپی کی وجہ سے مسائل میں گھرے ہوئے ہیں عیاش حکمرانوں کو ٹھنڈے کمروں میں بیٹھ کر عوام کی تکلیف کا احساس نہیں ہو سکتا عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو تا جا رہا ہے عوام کو احتجاج پر مجبور کیا جا رہا ہے اگر عوام سڑکوں پر نکل آئے تو انہیں روکنا کسی کے بس میں نہیں رہیگا۔