ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے ہنگامی بنیادوں پراقدامات کرنے کی ضرورت ہے ، شازیہ اکبر چوہدری

پیر 15 ستمبر 2014 16:14

مظفرآباد( اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار15 ستمبر2014 ) آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کی وزیر ماحولیات محترمہ شازیہ اکبر چوہدری نے کہا ہے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے ہنگامی بنیادوں پراقدامات کرنے کی ضرورت ہے ،پاکستان کا شمار ایسے ممالک میں ہوتا ہے جہاں ماحولیاتی آلودگی خطرناک ترین صورت اختیار کر چکی ہے ،ماحولیاتی آلودگی کا اہم سبب درختوں کی بے دریغ کٹائی ہے ،جنگلات جو پاکستان کے صرف 5فیصد رقبے پر پھیلے ہیں انہیں بھی تیزی سے کاٹا جا رہا ہے ،درختوں کی بے دریغ کٹائی میں تمام مکاتب فکر کے لوگ شامل ہیں ،جنگلات پانی کی فراہمی کا ذریعہ بنتے ہیں اگر آزاد خطے میں یوں ہی جنگلات کی کٹائی کی جاتی رہی تو اگلے چند سالوں میں ہمیں پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزیہاں مظفرآباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے مستقل بنیادوں پر جامع منصوبہ بندی کی ضرورت ہے ،بیانات سے ماحولیاتی آلودگی کم نہیں کی جاسکتی عملی اقدامات کی ضرورت ہے ماحولیاتی آلود گی کو کم کرنے کے لیے ہر شخص کو اپنا کردار ادا کر نا چاہیے ،جہاں تک ممکن ہو اپنے گھروں ،گلی محلوں اور سڑکوں پر زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں اور درختوں کی کٹائی کرنے والے افراد کے خلاف کاروائی کی جائے تو اس طرح سے عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی آلودگی اور گلوبل وارمنگ پر قابو پانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ،انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ سیلاب کی وجہ سے ماحولیات کو ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے ماحولیات کی بہتری کے لیے حکومت تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے