زرداریوں نے بھٹو کے نام میں چھپ کر بہت بڑے جرائم کئے ہیں،سردار ممتاز علی خان بھٹو

پیر 22 ستمبر 2014 17:56

میرپور بھٹو (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22ستمبر۔2014ء) پاکستان مسلم ن کے رہنما سردار ممتاز علی خان بھٹو نے میرپور بھٹو میں میڈیا کے نمائندوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول اور اس کی بہنوں میں بھٹوؤں کا خون ہے اس لئے ہمارا ان سے کوئی تنازع نہیں ہے اگر وہ بھٹو خاندان سے مثبت رویہ رکھیں گے تو انہیں بھی مثبت جواب ملے گا مگر زرداریوں نے بھٹو کے نام میں چھپ کر بہت بڑے جرائم کئے ہیں‘ یہی وجہ ہے کہ ان کے کرتوتوں سے بھٹو خاندان بہت بدنام ہوا ہے۔

یہ بات بھی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے کہ شادی سے پہلے زرداری دوسروں کی جیبوں میں ہاتھ ڈال کر گزر بسر کرتا تھا اور اب بھٹوؤں کے نام میں چھپ کر سندھ یا ملک تو کیا دنیا بھر میں املاک بنا لی ہیں اور بینک اکاؤنٹ کھلوا لئے ہیں۔

(جاری ہے)

زرداری نے حکومتی مشینری استعمال کرکے بھٹوؤں کو جیلوں میں ڈالنے‘ ان کی زمینوں پر قبصے کرنے‘ ان پر قتل کے جھوٹے مقدمات دائر کرنے اور ان کے حمایتیوں کے خلاف پولیس اور افسران کو پیچھے لگا دیا ہے جبکہ انتظامیہ کے دروازے بھی بند کرا دیئے ہیں۔

یہ ایک حقیقت ہے کہ اندرون وبیرون ملک میں زرداریوں کے خلاف شدید نفرت پھیلی ہوئی ہے اور ان کی قدم بوسی کرنے والے لفنگے صرف وہی ہیں جو کھانے کے ٹکڑوں کیلئے جھپٹ پڑتے ہیں‘ بہرحال ایسے نقصان دہ دور کا خاتمہ بہت قریب ہے اور زرداری خود دیکھیں گے کہ کیسے ان کا پیسہ غلامی کے ساتھ ساتھ بدبودار بن جائے گا اور جو خون چوسنے والے کیڑے شہید ذوالفقار علی بھٹو‘ میر مرتضیٰ بھٹو‘ شاہ نواز بھٹو‘ بے نظیر بھٹو اور بیگم نصرت بھٹو کو مروانے کے بعد میدان چھوڑ کر بھاگے تھے وہی زرداریوں کا ان سے بھی زیادہ برا حشر کریں گے۔