آزادکشمیر میں نقد آور فصلوں کی پیداوار بڑھانے کی جانب وزیر زراعت کا انقلابی قدم

پیر 29 ستمبر 2014 15:48

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29ستمبر۔2014ء)وزیراطلاعات ، زراعت و لائیو سٹاک سید بازل علی نقوی کا انقلابی قدم ،ریاست میں نقد آور فصلوں کی پیداوا رکو فروغ دینے کے لیے منصوبہ فروغ ایگری بزنس انٹر پرائز ڈویلپمنٹ مارکیٹنگ کے تحت زمینداروں کو قرض پر مارک اپ جو کہ محکمہ زراعت نے ادا کرنا تھاکسانوں میں2لاکھ 47ہزار روپے مالیت کے چیکوں کی تقسیم کی تقریب ،آزادکشمیر میں نقد آور فصلوں کی پیداوار بڑھانے کی جانب وزیر زراعت کا انقلابی قدم،کسانوں کا زبردست خیرمقدم،دارلحکومت مظفر آباد میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب میں سید بازل علی نقوی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آزادکشمیر کو زراعت میں خودکفیل بنانا میرا مشن ہے اور اس کو پورا کرنے کے لیے دن رات ایک کئے جائیں گے۔

پرعزم ٹیم کا ساتھ حاصل ہے ،محکمے کا ہر فرد کام کو مشن سمجھ کر کر رہا ہے زراعت ولائیو سٹاک کی ترقی کے لیے ویژن 2020 پر عمل جاری ہے یہی وجہ ہے کہ آج ایک اور سنگ میل عبور کر لیا ہے ،کسان اس قرضے کو امانت سمجھ کر اس سے زمین کو سونے میں بدل دیں اپنا ،اپنے بچوں کا اور ریاست کو مستقبل سنواریں اور وہ صرف ہے کام ،کام اور کام۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکرٹری زراعت ادریس تبسم ،ناظم اعلی زراعت راجہ طارق مسعود خان،پراجیکٹ ڈائریکٹر راجہ ظہیر اقبال،نائب ناظم مظفرآباد چوہدری عبدالحمید بھی موجود تھے۔

وزیر اطلاعات ،زراعت و لائیو سٹاک سید بازل علی نقوی نے کہا کہ آزادکشمیر میں زراعت و لائیوسٹاک میں ترقی کے وافر مواقع موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھاکر خود کفالت کی منزل حاصل کی جاسکتی ہے آزادکشمیر کی تمام یونین کونسلوں میں کسانوں کو سہولتیں فراہم کرنا ہمارا مشن ہے تاکہ وہ ریاست کو زراعت میں خود کفالت کی منزل کی جانب لے کر جائیں ۔انہوں نے کہا کہ زراعت کسی بھی ملک کی معشیت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اسلیئے حکومت اس شعبے کو مضبوط بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ زراعت کی ترقی کے لیے آزاد کشمیر بھر میں ہر یونین کونسل میں سیمینار منعقد کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد کیش کروپس جنہیں نقد آور فصلیں کہتے ہیں کو فروغ دینا ہے تاکہ کسانوں کو ایسی فصلوں کی کاشت کی جانب لایا جاسکے جو فوری رقم دیں اس طرح ایک طرف فصلوں کو فروغ ملے گا جبکہ دوسری جانب بزنس بھی بڑھے گا۔ سید بازل علی نقوی نے کہا کہ بنجرزمینوں کوآباد کرکے آزاد خطہ میں بے روزگاری کے مسئلہ پر قابو پایا جاسکتا ہے انہوں نے کہا کہ لوگوں کو چاہیئے کہ وہ زمینداری میں دلچسپی لیں سبزیاں اگائیں جانوروں کو پالیں تاکہ ان کی گھریلو معشیت بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے متاثر نہ ہوں انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا کہ لوگوں کے پاس ضروری اشیاء صرف گھرہی میں پیدا کی جاتی تھیں اس سے گھرانہ خوشحال ہوتا تھا ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم پھراس دور کو واپس لائیں ۔

سید بازل علی نقوی نے کہا کہ اسی طرح کے پروگرام لائیو سٹاک کی ترقی کے لیے بھی شروع کئے گئے ۔ ۔انہوں نے اس موقع پرکہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید کی سربراہی میں ایسے ترقیاتی منصوبوں پر توجہ دے رہی ہے جو اقتصادی سرگرمیوں میں اضافے کا باعث بنیں تاکہ لوگون کی معاشی حالت بہتر ہو اور وہ ترقی کے ثمرات سے بہرہ مند ہو سکیں ۔

اس موقع پر انہوں نے کسانوں میں چیک بھی تقسیم کئے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری زراعت ادریس تبسم اور ناظم اعلی راجہ طارق مسعود خان نے قرضہ سکیم کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی اور کہا کہ وزیر زراعت و لائیو سٹاک کی خصوصی ہدایت پر محکمہ نے قلیل عرصے میں نقد آور فصلوں کی کاشت کو فروغ دینے کے اس منصوبے پر کام کا شروع ہے جس کا دائرہ کار پوری ریاست میں پھیلایا گیا ہے ۔انہوں نے کہا اس طرح کی تقریبات تمام اضلاع مین منعقدکی جائیں گی اور کسانوں کو اس جانب راغب کیا جائے گا ۔انہوں نے ریاست کو زراعت میں خود کفیل بنانے سے متعلق وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید بازل علی نقوی کے ویژن 2020 کو سراہتے ہوے کہا کہ اس سے زراعت و لائیو سٹاک کو انتہائی فروغ ملے گا ۔