پیپلزپارٹی ملک کی غریب عوام کیلئے امید کی کرن ہے ،چوہدری عبدالمجید

پیر 29 ستمبر 2014 15:54

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29ستمبر۔2014ء) وزیرا عظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجیدنے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی ہی ملک کی غریب عوام کیلئے امید کی کرن ہے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں جمہوریت کے استحکام ،قانون کی حکمرانی اور آئین وپارلیمنٹ کی بالادستی کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ سندھ میں پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے کارکن پارٹی کو مضبوط اور اسے مزید فعال بنانے میں دن رات محنت کریں اقوام متحدہ میں وزیراعظم نواز شریف کی دلیرانہ تقریر کے بعد بھارتی وزیراعظم کا کشمیر پر منہ بند ہوگیا ہے اور وہ پسپائی اختیار کرنے پر مجبور ہوگئے ۔

وہ پیر کے روز یہاں مقامی ہوٹل میں قاضی بشیر صدر پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کررہے تھے وفد میں پیپلزپارٹی آزادکشمیر کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری سردارنزاکت، پولیٹیکل کو آرڈینیٹر قاری اسماعیل اور یاسمین بٹ شامل تھے جبکہ وزیراعظم کے پولیٹیکل سیکرٹری عامر ذیشان جرال بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے وفد کو ہدایت کی کہ وہ 8اکتوبر کو کراچی میں پاکستان پیپلزپارٹی کے جلسہ کو کامیاب بنانے کے لیے دن رات ایک کریں۔

آزادکشمیر کے تمام پارٹی کارکنوں وعہدیداروں کو مزید متحرک کر کے عوامی رابطہ مہم تیز کریں۔جلسہ عام کی تیاریوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ ملک میں جمہوریت کی بحالی واستحکام،غریب عوام کے حقوق کے تحفظ، ملکی سلامتی کو یقینی بنانے اورقانون کی حکمرانی وپارلیمنٹ کی بالادستی کے لیے سب سے زیادہ قربانیاں پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکنوں نے دی ہیں۔

قائد عوام شہید ذوالفقا ر علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو نے اپنی جانیں تک اپنے ملک کے غریبوں کو حق حکمرانی دلانے کے لیے قربان کر دیں اور ہم ملک کی خاطر قربانیاں دینے کی روایت برقرار رکھیں گے۔ وزیراعظم نے کہاکہ اس وقت پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرپرسن آصف علی زرداری نے جس طر ح پارٹی کی قیاد ت کررہے ہیں اس لیے مستقبل پیپلزپارٹی کا ہی ہے ۔

وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے وزیر اعظم پاکستان نواز شریف کے خطاب سے جہاں تحریک آزادی میں نیا ولولہ پیدا ہوا وہاں بھارتی وزیراعظم کو نواز شریف کی تقریر کا جواب دینے کی جرات نہیں ہوئی اور وہ عالمی برادری کے سامنے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور حق خودارادیت کے معاملے پر بھارت کی پوزیشن واضح نہ کرسکے ۔ وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ ہم اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت ملنے تک بھارت کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے اور آزادی کی منزل حاصل کر کے ہی دم لینگے۔

متعلقہ عنوان :