انتظامی یونٹس کے قیام کے مطالبے کو غلط رنگ دیا جارہا ہے،عبدالحسیب

پیر 29 ستمبر 2014 17:59

میرپورخاص(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29ستمبر۔2014ء)انتظامی یونٹس کے قیام کے مطالبے کو غلط رنگ دیا جارہا ہے۔ملک دشمن قوتیں عوام میں نفرتیں اور دوریا ں پیدا کرنے کی سازش میں مصروف ہیں۔عوام متحد اور ایسی تمام سازشوں سے نمٹنا جانتے ہیں۔یہ بات رکن رابطہ کمیٹی عبدالحسیب نے شعبہ خواتین میرپورخاص یونٹ کی تنظیم نو کے موقع پر منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر جوائنٹ انچارج سندھ تنظیمی کمیٹی شبیر احمد قائمخانی واراکین سندھ تنظیمی کمیٹی شریف خان ، محترمہ ہیر سوہو،محترمہ ناہید ،محترمہ رعنا انصار اور ایم کیو ایم میرپورخاص زون کے زونل انچارج مجیب الحق سمیت شعبہ خواتین کی کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی۔انہوں نے کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین نے ملکی استحکام کے لئے ہمیشہ مذہبی رواداری،فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارے کا درس دیا اور ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ استحصالی عناصر عوام کے آئینی مطالبے کو سندھ کی تقسیم سے تعبیر کرکے سندھ کے مستقل باشندوں کے درمیان دوریاں پیدا کرنے کے درپے ہیں لیکن وہ بھول بیٹھے ہیں کہ عوام ایسی تمام سازشوں سے باخبر ہیں ۔ نفرتوں کی سیاست کرنے والے نام نہاد عوام کے خیر خواہوں کو ماضی کی طرح اس مرتبہ بھی ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا۔اجلاس سے جوائنٹ انچارج سندھ تنظیمی کمیٹی شبیر احمد قائمخانی و اراکین سندھ تنظیمی کمیٹی شریف خان، ہیر سوہو، ناہید ،رعنا انصار اور زونل انچارج مجیب الحق نے بھی خطاب کیا ۔بعداذاں رکن رابطہ کمیٹی عبدالحسیب نے شعبہ خواتین یونٹ کی نومنتخب ذمہ داران کے ناموں کا اعلان کیا۔