ٹریفک قوانین کی پاسداری بارے آزادکشمیر کو جلد ماڈل سٹیٹ میں تبدیل کردیاجائیگا،محمد طاہرکھوکھر

منگل 30 ستمبر 2014 14:58

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30تمبر۔2014ء)ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر ‘ جوائنٹ انچارج صوبائی تنظیمی کمیٹی ‘ وزیرٹرانسپورٹ وکوآپریٹو محمد طاہرکھوکھرنے کہا ہے کہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کے حوالے سے آزادکشمیر کو بہت جلد ایک ماڈل سٹیٹ میں تبدیل کردیاجائیگا۔ آزادکشمیر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ بلا تخصیص ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کا آغاز کیاگیا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں اس میں بہتری کی گنجائش ہے -ٹریفک کا نظام کسی بھی معاشرے کا آئینہ ہوتا ہے آزادکشمیرکے مخصوص جغرافیائی حالات ‘ تحریک آزادی کے بیس کیمپ کی حیثیت سے اس خطہ کی اہمیت اور بھی بڑھ جاتی ہے ‘ خطہ اپنے قدرتی حسن اور بے مثال وادیوں کے باعث بھی پوری دنیا کے سیاحوں کیلئے پرکشش ہے لیکن اندرون و بیرون ممالک سے آنے والے سیاح اور دیگر افراد ہماری ٹوٹی پھوٹی سڑکیں اور ٹریفک کاناقص نظام دیکھ پر برے تاثرات لے کر یہاں سے جاتے ہیں اور بیرون دنیا میں ہماراتاثر ایک غیر معذب قوم کاابھرتا ہے۔

(جاری ہے)

اپنے دفتر میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے طاہرکھوکھر نے کہا کہ قومی امیج کی بحالی صرف حکومت نہیں بلکہ تمام شہریوں کا فرض ہے ہر شہری خود کو اپنے ملک کا سفیر سمجھتے ہوئے اگر قوانین کی پاسداری کرے تو سسٹم چند ہفتوں میں ٹھیک ہوسکتا ہے انہوں نے کہا کہ تمام مسائل کے حل کیلئے حکومت کی طرف دیکھنے کی عادت ترک کرنا ہوگی عوام خود بھی معاشرے کی بہتری کیلئے کردار ادا کریں- ٹریفک قوانین کی پاسداری کے حوالے سے شعور بیدار کرنے کیلئے حکومتی اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے طاہرکھوکھر نے بتایا کہ پہلی مرتبہ آزادکشمیرمیں ڈرائیورز کی باقاعدہ تربیت کیلئے ادارے قائم کئے جارہے ہیں ‘ اصولی منظوری ہو چکی ہے طریقہ کار طے کرنے کے بعد بہت جلدتربیتی ادارے اپنا کام شروع کردیں گے جبکہ اس کے علاوہ ٹریفک قوانین کی آگاہی کیلئے تشہری مہم اور عوام کیلئے سیمینارز اور ورکشاپس کے انعقاد کیلئے بھی فنڈز کئے جاچکے ہیں بہت جلد تمام اضلاع میں آگاہی مہم شروع کی جائے گی اس سلسلہ میں تعلیمی اداروں‘ یونیورسٹیوں اور ٹریفک پولیس کاا ہم کردار ادا ہوگا- انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر بلا تخصیص عملدرآمد کروایا جائے گا‘ امیر غریب برابر ہوں گے جو بھی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرے گا اس کو قانون کاسامنا کرنا پڑے گا- ماضی قریب میں بھی محکمہ ٹرانسپورٹ ایسی مثالیں قائم کرچکا ہے کہ اعلی بیوروکریسی اور سیاستدانوں کیخلاف بھی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر کارروائی ہوتی رہی ہے - طاہرکھوکھر نے کہا کہ اگر حکمران ‘ بیوروکریسی ‘ مراعات یافتہ طبقات قانون پر عملدرآمد نہ کریں یاانہیں قانون کی خلاف ورزیوں کی پوری چھوٹ دے دی جائے تو قانون مذاق بن جاتا ہے اور ایسی قومیں کبھی ترقی نہیں کرتیں طاہرکھوکھر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حکومتی اقدامات میں تعاون کریں ۔