میرپور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت چلنے والے ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے ،چوہدری عبدالمجید

منگل 30 ستمبر 2014 16:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30تمبر۔2014ء)وزیرا عظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجیدنے ہدایت کی ہے کہ میرپور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت چلنے والے ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے محکمہ مالیات ایم ڈی اے کے ملازمین کی تین ماہ کی تنخواہوں اور پنشن کے لیے فنڈز فوری جاری کرے ۔ایم ڈی اے کے نقشہ جات، الاٹمنٹ، ریکوری سمیت تمام معاملات کو یکسو کرنے کے لیے وزیر امور منگلا ڈیم و ایم ڈی اے اور چیف سیکرٹری باہمی مشاورت سے کمیٹی تشکیل دیں ۔

کمرشل ایریا کی نیلامی کے لیے صاف اور شفاف قرعہ اندازی کی جائے تاکہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے وسائل میں اضافہ ہوسکے۔ وہ منگل کے روز یہاں کشمیر ہاؤس میں ایم ڈی اے کے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وزیر امور منگلا ڈیم وایم ڈی اے محمد حسین سرگالہ ، چیف سیکرٹری خضر حیات گوندل،سیکرٹری مالیات یوسف خان،سیکرٹری ہاؤس وفزیکل پلاننگ محمد خلیل،وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری فیاض علی عباسی اور ایڈیشنل سیکرٹری محمد اعجاز خان بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایم ڈی اے کے ملازمین کی تین ماہ کی تنخواہوں اور پنشن کیلئے محکمہ مالیات فوری طور پر فنڈز ریلیز کریگا اور ایم ڈی اے کے دیگر محکموں سے 6کروڑ روپے کی ریکوری کیلئے معاونت کریگا۔ اتھارٹی کے وسائل بڑھانے کیلئے ایم ڈی اے کے کمرشل ایریاز کی نیلامی کیلئے صاف اور شفاف قرعہ اندازی کی جائے گی اور نقشہ جات کی الاٹمنٹس اور دیگر معاملات کو یکسو کرنے کیلئے چیف سیکرٹری اور وزیر امور منگلا ڈیم و ایم ڈی اے کی مشاورت سے کمیٹی تشکیل دی جائیگی یہ کمیٹی قلیل مدت کے اندر معاملات کو یکسو کریگی ۔

اجلاس میں وزیر امور منگلاڈیم و ایم ڈی اے محمد حسین سرگالہ نے بتایا کہ اتھارٹی کے پاس وسائل موجود ہیں مینجمنٹ کو مزید فعال بنانے کی ضرورت ہے ۔ وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایم ڈی اے کے تمام ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتا رکو مزید تیز کرے۔دیگر محکموں سے ریکوری کو یقینی بنائے اور اس سلسلہ میں سیکرٹری مالیات سے معاونت حاصل کرے ۔ انہوں نے کہاکہ کمرشل ایریا ز کی نیلامی کا عمل مکمل طور پر شفاف ہونا چاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ ترقیاتی عمل کو مزید تیز کیا جائے پانی کی قلت ،سیوریج سمیت شہریوں کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پرحل کرنے کے لیے مزید اقدامات بھی کئے جائیں۔