لاکھوں کشمیر بے بسی کی تصویر بنے کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، چودھری اکبر ابراہیم

جمعرات 2 اکتوبر 2014 16:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2 اکتوبر۔2014ء) لاکھوں کشمیر بے بسی کی تصویر بنے کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بیماریاں پھوٹ رہی ہیں ۔ بھارت پاکستان اور آزاد کشمیر کے ساتھ تجارت کیلئے راستے کھول سکتا ہے تو مقبوضہ کشمیر میں سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے راستے کیوں نہیں کھول رہا ۔عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کے متاثرین سیلاب کی امداد کے لئے اقدامات کرے ۔

ان خیالات کا اظہار آزاد کشمیر کے وزیر صنعت و تجارت چوہدری اکبر ابراہیم نے صحافیوں کے ایک گروپ سے بات چیت کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا اقوام متحدہ کی منظور شدہ قرارداودں کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا آزاد حق رائے دہی دینے سے انحراف کے بعد بھی اقوام متحدہ کا رکن ہونا‘ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا اقوام متحدہ کی ہی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں مسلہ کشمیر کو دوطرفہ معاملہ قرار دینا اقوام عالم کے منہ پر تمانچہ ہے ۔

(جاری ہے)

وزیرصنعت و تجارت نے کہاآزاد کشمیر کے عوام مقبوضہ کشمیر کے سیلاب متاثرین کی امداد کرنے کیلئے بے چین ہیں۔ بھارت کنٹرول لائن کھولے ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی بھر پور مدد کرینگے ۔عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کے متاثرین سیلاب کی امداد کیلئے اقدامات کرے ۔