حضرت میاں محمد بخش کے عرس کی تقریب میں شرکت میرے لئے باعث سعادت ہے ،چوہدری محمد افسر شاہد

جمعہ 3 اکتوبر 2014 15:58

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3 اکتوبر۔2014ء) آزاد کشمیر کے وزیر اوقاف و مذہبی امور چوہدری محمد افسر شاہد نے کہا ہے کہ حضرت میاں محمد بخش کے عرس کی تقریب میں شرکت میرے لئے باعث سعادت ہے انہوں نے کہا کہ اولیاء کرام نے اپنی زندگیاں راہ حق میں وقف رکھیں ان کو اللہ نے بلند مقام عطا کیا ۔ آج ان کے آستانوں سے لاکھوں لوگ فیض یاب ہو رہے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار وزیر اوقاف نے حضرت میاں محمد بخش کے دوروزہ سالانہ عرس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے سابق وزیر چوہدری محمد ارشد، ناظم اعلیٰ اوقاف راجہ محمد خالد نیاز، راجہ امتیاز ایڈووکیٹ، مولانا عبدالرزاق چشتی ، علامہ زبیر احمد نقشبندی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ میاں افتخار احمد قادری نے شجرہ شریف پڑھا ۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ۔ چوہدری محمد ارشد نے کہا کہ حکومت نے کھڑی دربار کے بائی پاس کیلئے چودہ کروڑ روپے کی منظوری دی ہے جس سے ٹریفک کے مسائل حل ہونگے ۔ ناظم اعلیٰ اوقاف راجہ محمد خالد نیاز نے کہا کہ حضرت میاں محمد بخش کا عارفانہ کلام ہر زمانے کیلئے ہے ۔ اسکی مقبولیت میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے قدرت نے انہیں قوت گویائی عطا کی اور انہوں نے اس کے ذریعے تبلیغ و اشاعت دین کا فریضہ سرانجام دیا ۔

ہم بحیثیت خادم دربار زائرین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کی پالیسی پر گامزن ہیں ۔ راجہ امتیاز ایڈووکیٹ نے کہا کہ پوری دنیا میں توحید و رسالت کا پیغام اولیائے کرام نے پہنچایا ۔ تقریب کے اختتام پر مولانا بشیر احمدمصطفوی نے ملت اسلامیہ کی بھلائی ، پاکستان کے استحکام اور محکوم مسلمانوں کی آزادی کیلئے دعا کی ۔