مسلم کانفرنس برطانیہ میں ہونے والے مجوزہ ملین مارچ کو کامیاب بنانے کے لئے بھرپوراقدامات کرے گی،چوہدری جمیل تبسم

ہفتہ 4 اکتوبر 2014 17:28

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4 اکتوبر۔2014ء) مسلم کانفرنس کے مرکزی نائب صدر اور برطانیہ میں مقیم معروف کشمیری رہنما ء چوہدری جمیل تبسم نے کہا ہے کہ مسلم کانفرنس برطانیہ میں ہونے والے مجوزہ ملین مارچ کو کامیاب بنانے کے لئے بھرپوراقدامات کرے گی۔ ہندوستان کو اس کے وعدے یاد کرانے عالمی برادری کو ہندوستان کے مکروہ عزائم سے آگاہ کرنے، حالیہ سیلاب کے دوران ہندوستانی حکمرانوں کی طرف سے روا رکھی جانے والی ناانصافیوں، بے حسی، غفلت اور مجرمانہ کردار کا پردہ چاک کرنے کے سلسلے میں ملین مارچ ایک مثبت اقدام ہے۔

تقسیم ہند کے وقت برطانیہ کے کردار کو بے نقاب کرنے اور عالمی برادری کو اس کی ذمہ داریوں سے آگاہ کرنے کے لئے برطانیہ میں مسلم کانفرنس سرگرم کردارادا کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پیش کر کے حکومت پاکستان کا موقف واضح کر دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مسلم کانفرنس کے مرکزی نائب صدر اور برطانیہ میں مقیم معروف کشمیری رہنما ء چوہدری جمیل تبسم نے صدر جماعت سردار عتیق احمد خان سے ملاقات کے بعد برطانیہ روانگی سے قبل یہاں مسلم کانفرنس کے میڈیا سیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر مسلم کانفرنس سنٹرل سیکرٹریٹ کے انچارج رانا غلام حسین اور چوہدری اعظم بھی موجود تھے ۔ چوہدری جمیل تبسم نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو منطقی انجام تک پہنچانے ، غلام کشمیریوں کی آزادی اور برصغیر میں پائیدار امن کے قیام کے لئے کشمیر یوں کو متحد ہونے پڑے گا۔ انھوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس کے صدر سردارعتیق احمدخان کی ہدایت پر برطانیہ روانہ ہو رہا ہوں۔

برطانیہ کی تمام جماعتی تنظیمیں نہ صرف ملین مارچ میں شرکت کریں گی بلکہ اس کو کامیاب کرنے کے لئے کلیدی رول بھی ادا کریں گی۔ سردار عتیق احمد خان چاہتے ہیں کہ برطانیہ کو یہ باور کرایا جائے کہ یہ مسئلہ اسی کا پید ا کردہ ہے اور وہ اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہندوستان پر دباؤ ڈالے ۔ انھوں نے کہا کہ صدر جماعت خود بھی مجوزہ مارچ میں شرکت کا ارادہ رکھتے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ ملین مارچ میں مسلم کانفرنس کا کردار نمایا ں رہے۔ انھوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لئے مسئلہ کشمیر کو برطانیہ کے ہاؤس آف کامنز اور ہاؤس آف لارڈز میں اٹھانے کے سلسلے میں مسلم کانفرنس نے ماضی میں بھرپور کردار ادا کیا اور آئندہ بھی کسی موقع کو ضائع نہیں ہونے دیں گے۔

متعلقہ عنوان :