پیرعلاؤ الدین صدیقی نے 26 اکتوبر کو لندن میں کشمیر ملین مارچ کی حمایت کا اعلان کردیا

جمعرات 9 اکتوبر 2014 16:13

برمنگھم (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9 اکتوبر۔2014ء)گدی نشین دربار عالیہ نیریاں شریف پیر علاؤالدین صدیقی نے آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی رہنماء بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی طرف سے26 اکتوبر کو لندن میں کشمیر ملین مارچ کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔اس بات کا فیصلہ آج یہاں برمنگھم میں جامع محی الدین ٹرسٹ برمنگھم میں منعقدہ ایک تقریب میں کیا گیا جسکی صدارت سجادہ نشین صاحبزادہ ظہیرالدین نقشبندی نے کی۔

اس تقریب میں بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے خصوصی طور پر شرکت کی۔صاحبزادہ ظہیرالدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیر علاؤالدین صدیقی کی ہدایت پر برطانیہ بھر میں لوگوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس ملین مارچ میں بھرپور شرکت کرکے اسے کامیاب کریں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر نور ٹی وی کے براہ راست پروگرام میں پیر علاؤالدین صدیقی کہا کہ ملین مارچ کا انعقاد ایک بروقت اور صحیح فیصلہ ہے اور یہ وقت کی ضرورت تھی۔

بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا ہے اور یہ ایک درست قدم ہے لہٰذا برطانیہ میں مقیم کشمیریوں و پاکستانیوں کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اس میں بھرپور شرکت کرکے اسے کامیاب بنائیں۔تاکہ جہاں مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کو بھارتی مظالم سے نجات مل سکے وہاں کشمیریوں کے حق خودارادیت کی راہ ہموار ہو سکے۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ ملین مارچ کے ذریعے دنیا کی توجہ مسئلہ کشمیر کی طرف مبذول کرائی جائے گی اس سلسلے میں تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور برطانیہ سمیت دیگر ممالک میں مقیم کشمیری و پاکستانی اس میں بھرپور انداز میں شرکت کریں۔

اس موقع پر پیر علاؤالدین صدیق نے کہا کہ وہ حال ہی میں مقبوضہ کشمیر کا دورہء کرکے آئے ہیں اور وہاں پر بھی کشمیری عوام بیرسٹرسلطان محمود چوہدری کے معترف ہیں اسلئے ہمیں ملکر یہ ثابت کرنا ہے کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔اس موقع پر بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے نور ٹی وی پر ایک نیا نعرہ دیا کہ کشمیری عوام نے تو ہمیشہ قربانیاں دی ہیں اب ہمیں بھی برطانیہ میں مقیم کشمیریوں کو صرف ایک دن ملین مارچ میں شرکت کے لئے نکالنا چاہیے تاکہ مسئلہ کشمیر کے حل ہوسکے۔

اس سے قبل بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے والسل ، ڈیڈلے اور دیگر مقامات جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے لوگوں سے ملین مارچ میں شرکت اور حمایت کی اپیل کی۔تاکہ مسئلہ کشمیر پر ہمارا موقف واضح ہو۔اس موقع پر چوہدری خادم، چوہدری منظور، بیرسٹرکرامت، راجہ امجد، سہیل سرفراز، کرامت حسین بخاری، چوہدری ناظم گجر، راجہ شعیب، چوہدری منیر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔