انسانی حقوق کے عالمی ادارے کشمیری نظر بندوں کی حالت زار کا نوٹس لیں‘ نعیم خان بھارتی جیلوں کے اندر کشمیری نظربندوں کیساتھ انتہائی بہیمانہ برتاؤ روا رکھا جاتا ہے، بیان

جمعہ 10 اکتوبر 2014 17:53

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔0 1اکتوبر 2014ء)مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنما اور جموں و کشمیر نیشنل فرنٹ کے چیئرمین نعیم احمد خان نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیر ی سیاسی نظربندوں کی حقوق کے تحفظ کیلئے آگے آئیں۔ نعیم احمد خان ایک جھوٹے مقدمے میں تقریباً 18برس تک مختلف بھارتی جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند رہنے والے کشمیری انجینئر فاروق احمد سے ملاقات کیلئے اسلام آباد گئے۔

انجینئر فاروق کو حال میں عدالتی احکامات پر رہا کیا گیا ہے۔ انجینئر فاروق نے نعیم احمد خان کو مختلف بھارتی جیلوں میں نظر بند کشمیریوں کی حالت زار سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی جیلوں کے اندر کشمیری نظربندوں کے ساتھ انتہائی بہیمانہ برتاؤ روا رکھا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

نعیم احمد خان نے اس موقع پر غیر قانونی طور پر نظر بند تمام کشمیریوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے انسانی حقوق کے بھارتی اور عالمی اداروں سے اپیل کی کہ و ہ غیر قانونی طور پر نظر بند تمام کشمیری حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی رہائی کے لیے کردار ادا کریں۔ نعیم احمد خان اسلام آباد کے علاقے نئی بستی میں بھی گئے جہاں حالیہ شدید سیلاب کی وجہ سے 30رہائشی مکانات بہہ گئے ہیں ۔ انہوں نے متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ دریں اثناء جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ آر کے چیئرمین فاروق احمد ڈار اور وجاہت قریشی نے بھی اسلام آباد میں انجینئر فاروق احمد سے ملاقات کی ۔

انہوں نے اس موقع پر انسانی حقوق کے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ کشمیری نظربندوں کے حقوق کیلئے آواز اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اب تک حل نہ ہونے کی وجہ سے کشمیری سخت مشکلات کا شکار ہیں۔ آزادی پسند رہنماؤں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیرکے حل کے لیے کردار ادا کرے۔