کشمیر سیل کو تحریک آزادی کشمیر بار ے مزید فعال بنانے کیلئے جملہ وسائل کو بروٴے کارلایا جائیگا، زاہد حسین عباسی

بدھ 15 اکتوبر 2014 16:12

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15 اکتوبر۔2014ء)کشمیر لبریشن سیل کے سیکرٹر ی زاہد حسین عباسی نے کہا ہے کہ کشمیر سیل کو تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے مزید فعال بنانے کیلئے جملہ وسائل کو بروٴے کارلایا جائیگا۔ کشمیر سنٹر راولپنڈی کی اہمیت کے پیش نظر سنٹر کو تمام ضروریات مہیا کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ آج یہاں کشمیر سنٹر راولپنڈی کے دورہ کے موقع پر آفیسران اور اہلکاران سے بات چیت کرتے ہوئے زاہد حسین عباسی نے کہا کہ موجودہ جیوپولیٹیکل صورتحال میں کشمیر سیل کی ذمہ داریاں بڑھ چکی ہیں اور اس ادارے نے سائنسی بنیادوں پر کام کرنا ہے ۔

اس ادارے کے اہداف واضح ہیں اوران کے حصول کے لئے ادارہ سے وابستہ تمام افراد پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔کشمیر سنٹر راولپنڈی کے ڈائریکٹر سرورحسین گلگتی نے سیکرٹری لبریشن سیل کو تفصیلی بریفنگ دی اور مسائل سے اگاہ کیا۔

(جاری ہے)

سیکرٹری لبریشن سیل نے کہاکہ جس عمارت میں کشمیرسنٹرقائم ہے اسے مزید بہتر بنانے کے لئے جملہ فرنیچر مہیا کرنے کے علاوہ عمارت کی تزئین و آرائش کیلئے وسائل مہیا کیئے جائیں گے ۔

انہوں نے آفیسران پر زور دیا کہ وہ پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا سے اپنے روابط کو مضبوط بنائیں اور تحریک آزادی کو میڈیا کے ذریعے پرومٹ کرنے پر فوکس کریں کیونکہ یہ میڈیا کا دور ہے اور میڈیا کے بغیر مطلوبہ نتائج کا حصول ممکن نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تمام آفیسران و اہلکاران مشنری جذبے کے ساتھ کام کریں ۔اس ادارے کی ذمہ داریاں قومی حیثت کی حامل ہیں اور ان سے عہدہ براہ ہونے کیلئے صلاحیت و اہلیت کے علاوہ جذبہ ‘ شوق اور لگن بھی ضروری ہے ۔زاہد عباسی نے ڈائریکٹرکشمیر سنٹر راولپنڈی کو یقین دلایا کہ سنٹر کو مزید بہتر اور فعال بنانے کیلئے کشمیر لبریشن سیل مطلوبہ وسائل مہیاء کریگا۔