زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں تمام منصوبہ جات ادھورے پڑے ہوئے ہیں‘شیخ عقیل الرحمن

جمعرات 16 اکتوبر 2014 16:21

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16 اکتوبر۔2014ء)کل جماعتی کانفرنس مظفرآباد کا اجلاس کل جماعتی کانفرنس کے چیئرمین شیخ عقیل الرحمن کی زیر صدارت اجلاس ہوا جسمیں کل جماعتی کانفرنس کے قائدین ،مظفرآباد کی تمام دینی،سیاسی ،سماجی اور نوجوانوں کی تنظیمیوں کے نمائند گان نے شرکت کی۔اجلاس میں مشترکہ طور پر یہ قرارداد منظور کرتے ہوئے شرکاء نے کہا یہ اجتماع اس امر پر تشویش کا اظہار کرتاہے کہ متاثرین زلزلہ کے لیے آنے والے 55ارب روپے سے زائد کی رقم حکومت پاکستان اس علاقہ کی تعمیر نو پر خرچ نہیں کررہی ہے اور تمام منصوبہ جات ادھورے پڑے ہوئے ہیں اور اکثر پر تو کام بھی نہیں شروع کیا جاسکاہے جبکہ زلزلہ کوگزرے ہوئے دسواں سال جاری ہے مظفرآباد ڈویژن کے اندر اس وقت تین بڑے ہائیڈرل کے منصوبہ جات کے حوالے سے یہاں کی عوام کے تحفظات کا ازالہ اور حقوق کی ادائیگی کرتے ہوئے خطہ میں لوڈشیڈنگ فوری ختم کی جائے ۔

(جاری ہے)

بجلی کے بلوں میں حالیہ ناجائز اضافہ کرتے ہوئے میٹرز کی تنصیب میں کرپشن اور ناقص میٹرز کی تحقیق کے لیے اعلیٰ سطحی کمیشن بنایاجائے ۔اجتماع نے مشترکہ طور پر کہا کہ خطہ کے لوگوں کو سبسڈی دیتے ہوئے ارزاں نرخوں گیس سلنڈر فراہم کیے جائیں اور سو ئی گیس کی فراہمی کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں ۔خطہ کے اندر ترجیحی اور فور ی طور پر اعلان کردہ ریلوے ٹریک کو بچھایا جا ئے ۔

حکومت آزاد کشمیر یونیورسٹی آف آزاد جموں وکشمیر مظفرآباد کے اندر میرٹ کے مطابق خالصتاً اہلیت کی بنیاد پر افراد کی تعیناتی کو یقینی بناتے ہوئے یونیورسٹی انتظامیہ پر لگے الزامات کا فوری ازالہ کیاجائے۔متاثرہ علاقوں میں جاری منصوبہ جات بالخصوص مظفرآباد کے اندر سیوریج لائن کی تنصیب سڑکو ں اور دیگر منصوبہ جات میں ہونے والی کرپشن اور غیرمعیاری تعمیرات کا پوری طرح سے نوٹس لے۔

اس موقع پر آل پارٹیز کی جانب سے یوم شہادت عثمان رضی اللہ عنہ کے سلسلہ میں ان کی عظمت اور مقام کو ذکرکر تے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔اجلاس میں مسلم لیگ ن ،مسلم کانفرنس،پی پی ،جماعت اسلامی،جمعیت علمائے اسلام،جمعیت اہلحدیث ،شباب ملی،جمعیت اتحاد العلمائے کے زمہ داران نے شرکت کی اور آخر میں تمام شرکاء نے ہاتھ اٹھا کر قرارداد کو منظور کیا۔