کشمیرملین مارچ کو کامیاب بنانا تمام کشمیریوں کیلئے اہم عبادت اورفرضِ اول ہے ‘ذیشان حیدر

ہفتہ 18 اکتوبر 2014 16:41

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18 اکتوبر۔2014ء)26اکتوبر کو بیرسٹرسلطان محمود کی قیادت میں ٹریفلگرسکوئر تا ٹین ڈاؤنگ سٹریٹ منعقد ہونیوالے کشمیر ملین مارچ میں آزاد و مقبوضہ کشمیر کے کشمیریوں سمیت برطانوی سماجی شخصیات بھرپور انداز میں شرکت کریں۔جموں وکشمیر کی معروف فلاحی تنظیم آئی اون کشمیر نے کشمیر ملین مارچ کی حمایت کا اعلان کردیا۔

آئی اون کشمیرکے سیکرٹری جنرل ذیشان حیدر نے آئی اون کشمیر یوکے چیپٹرکے اراکین سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ آئی اون کشمیر خالصتاََ ایک فلاحی تنظیم ہے مگر کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی تحریک میں برطانیہ بھر سے نوجوان ملین مارچ میں شریک ہوکر اپنا اخلاقی فریضہ ادا کریں گے۔ذیشان حیدر نے کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود کو ایک سیاسی جماعت کے رہنما سے بڑھ کر کشمیریوں کا لیڈر سمجھتے ہیں۔

(جاری ہے)

برطانوی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر پر بحث اور لندن میں ملین مارچ تحریک آزادی کشمیر میں اہم سنگ میل ثابت ہوں گے۔انہوں نے آئی اون کشمیر کے اراکین پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر ملین مارچ کو فرض عبادت سمجھ کر اسکی کامیابی کیلئے دن دگنی رات چگنی محنت کریں۔ برطانیہ میں کئی سماجی تنظیمات، انسانی حقوق کے ادارے،یوتھ پارلیمنٹ ہا، انٹرنیشنل این جی اوز، سماجی شخصیات سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بھرپور شرکت کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے مذید کہا کہ کشمیر کے دو یا تین فریق نہیں بلکہ کشمیر کا صرف اور صرف ایک فریق ہے وہ کشمیر کے عوام ہیں۔کشمیر کے عوام فیصلہ کرچکے ہیں کشمیر ملین مارچ سے تحریک آزادی کشمیر فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوجائے گی ۔پاکستان کے کرپٹ حکمران اور ہندوستان کبھی بھی کشمیر کے مسئلے کیساتھ مخلص نہیں رہے۔کشمیر دنیا بھر کے نوجوانوں کی توجہ چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے ممالک کے نوجوان مقبوضہ کشمیر جس پرہندوستان نے اپنا نا جائز تسلط جمارکھا ہے کہ مظلوم نہتے نوجوانوں کا درد محسوس کرتے ہوئے اقوام متحدہ پر اور مقامی وبین القوامی سطح پر مسئلہ کشمیرکے پرامن وباوقار حل کیلئے بھارت اور عالمی طاقتوں پر دباؤڈالیں۔مسئلہ کشمیر سفارتی ،جغرافیائی مسئلے سے بڑھ کر ایک انسانی مسئلہ ہے،دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان ہونے کی وجہ سے اسکی حساسیت و عالمی امن پر پڑنے والے ممکنہ اثرات سے اسکی اہمیت میں اضافہ ہو جاتا ہے۔

بھارت عالمی استعمار کے ایجنڈے پر عمل درامد کرتے ہوئے کشمیر کے مظلوموں کو بے گناہ وناحق قتل کئے جا رہا ہے، ہزروں نوجوان آج بھی بے گناہ قید و بند کی صوبتیں برداشت کررہے ہیں ۔بھارتی حکومت وفوج کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، بدترین ریاستی تشدد، ظلم وبربریت سفاکی و درندگی کی انتہا کرنے کے باوجود اقوم متحدہ کی مجرمانہ خاموشی دنیا بھر کے مسلمانوں ، اہل ضمیر انسانوں کیلئے باعث اذیت ،درد وتکلیف اور باعث تشویش ہے۔

کشمیریوں نے جب حق آزادی کیلئے جدوجہد شروع کی تو اس دن سے آج تک دس لاکھ سے زائد مظلوم کشمیریوں کو ناحق قتل کیاگیا،ہزروں اب بھی لاپتہ ہیں۔ انہوں نے تما م کشمیریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کشمیرملین مارچ کو کامیاب بنانا تمام کشمیریوں کیلئے اہم عبادت اورفرضِ اول ہے۔