آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کا 67واں یوم تاسیس کل انتہائی عقیدت و احترام قومی جوش و جذبے سے منایا جائے گا ،

آزادکشمیر میں پروقار تقریبات کے انعقاد کی جملہ تیاریاں مکمل کر لی گئیں

بدھ 22 اکتوبر 2014 23:22

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اکتوبر 2014ء) آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کا 67واں یوم تاسیس24اکتوبربروز جمعتہ المبارک انتہائی عقیدت و احترام قومی جوش و جذبے سے منایا جائے گا ،یوم تاسیس کے موقع پر پورے آزادکشمیر میں پروقار تقریبات کے انعقاد کی جملہ تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں دارلحکومت میں یوم تاسیس کے موقع پر 21توپوں کی سلامی دی جائے گی نماز فجر کے بعد آزادکشمیر کی تمام مساجد میں پاکستان کی خوشحالی ،مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی گزشتہ روز یوم تاسیس کی تقریبات کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے میڈیا ایڈوائزر شوکت جاوید نے کہا کہ آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر کی تمام سرکاری اہم عمارات پر آزادجموں وکشمیر کا پرچم لہرایا جائے گا جبکہ 24اکتوبر کو مرکزی تقریب پولیس لائن مظفرآباد میں منعقد ہو گی جس میں صدر ریاست ،وزیراعظم آزادکشمیر ،وزرائے کرام ،ممبران اسمبلی سمیت تمام مکاتب فکر کے زعمائے کرام شریک ہوں گے جس کے بعد صدر آزادجموں و کشمیر ریاستی پرچم کی پرچم کشائی کریں گے تقریب میں آزادکشمیر پولیس کا چاک و چوبند دستہ صدر ریاست کو سلامی پیش کرے گااسی طرح کشمیر لبریشن سیل اور محکمہ تعلیم کے باہمی اشتراک سے گورنمنٹ انٹر کالج سہیلی سرکار میں تاریخ کشمیر سے متعلق تقریری مقابلوں کی ایک تقریب منعقد ہو گی جبکہ دن دو بجے سنٹرل پریس کلب میں ایک سیمینار کا انعقاد کشمیر ہمارا ہے اور سارے کا سارا ہے کے عنوان سے ہو گا جس میں تمام سیاسی سماجی جماعتوں کے نمائندوں کو مدعو کیا جائے گا شوکت جاوید نے کہا کہ آزادکشمیر کے تمام ضلعی ،تحصیل سٹی مقاما ت پر تحریک آزادی کشمیر کی طویل ترین جدوجہد ،قومی ہروز کو خراج عقیدت پیش کرنے کے علاوہ مقبوضہ کشمیر میں 8لاکھ بھارتی افواج کے بدترین مظالم ،ریاستی دہشت گردی ،انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کیا جائے گا انہوں نے کہا یوم تاسیس کے موقع پر ہونے والی قومی تقریبات میں ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول پر بھارت کی طرف سے کی جانے والی شرانگیزی ،بلاجواز گولہ باری اور بے گناہ انسانی جانوں کے قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے کشمیری مطالبہ کریں کہ وہ آخری شہری کے جاں بحق ہونے سے قبل اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کروا کر رائے شماری کے لیئے بھارت پر دباؤ بڑھائے شوکت جاوید نے کہا یوم تاسیس کے موقع پر دونوں اطراف کی قیادت اور عوام قومی یکجہتی کا عملی مظاہرہ کریں گے اور اپنے حق خود ارادیت کے حصول کی خاطر خون کا آخری قطرہ نچھاور کرنے کا تجدید عہد کریں گے کشمیر کی آزادی کے لیئے بہادر افواج پاکستان نے ہمیشہ ہر اول دستے کا کردارادا کرتے ہوئے ملکی سرحدوں کے دفاع کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیئے کشمیر ی قوم ان کے شانہ بشانہ ہر قربانی کو تیار ہے ۔