کشمیر کے لئے قربانی دینے سے کبھی بھی دریغ نہیں کریں گے،سردارمحمد حسین سرگالہ

پیر 27 اکتوبر 2014 16:47

راولپنڈی ۔( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27 اکتوبر۔2014ء)آزاد کشمیر حکومت کے وزیر امور منگلا سردارمحمد حسین سرگالہ نے کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں اپنے حلقہ انتخابات سے آئے ہوئے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ کشمیر کے لئے قربانی دینے سے کبھی بھی دریغ نہیں کریں گے۔ بھارت کو خوش اسلوبی سے کشمیر کا مسئلہ حل کر دینا چاہئے ورنہ اب زیادہ دیر تک بھارت اپنے پاؤں پرکھڑا نہیں رہ سکتا گزشتہ 67 سالوں سے نہتے کشمیر یوں پر قتل عام ہورہا ہے اور کشمیر ی عوام مسلسل ظلم کی چکی میں پسے جارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

وزیرحکومت نے کہا کہ مودی واجپائی سے بڑا لیڈر نہیں اگر وہ ایسی حرکت سے باز نہ آیا اور بھارت میں قتل و غارت بند نہ کی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے ۔ وزیر حکومت نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا واحد حل پیپلز پارٹی ہی ہے ۔ پیپلز پارٹی کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی ہے۔ اس طرح ا س کا حل بھی پیپلز پارٹی ہی کرے گی۔ جس طرح ہمارے محبوب قائد پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کشمیر کے بارے میں بیان دے کر کشمیر یوں کے حوصلے بلند کئے ہیں اوربھارتی درندوں میں افراتفری پھیل گئی ہے۔ اس طرح پاکستان اور آزا د کشمیر بھر کا بچہ بچہ اس قربانی سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹے گاجب تک کہ کشمیر آزاد نہیں ہو جاتا۔