لندن کے ملین مارچ میں تحریک انصاف کی ہلڑبازی کشمیر دشمنی کا ثبوت ہے، چوہدری محمد برجیس طاہر

منگل 28 اکتوبر 2014 17:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28 اکتوبر۔2014ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر کے حق میں لندن میں نکالے گئے ملین مارچ میں تحریک انصاف کے کارکنوں کی ہلڑ بازی عمران خان اور ان کی جماعت کی کشمیر دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ تحریک انصاف کی ریاست مخالف دشمنی پہلے ہی منظر عام پر آچکی ہے اب کشمیر سے دشمنی کوئی اچھنبے کی بات نہیں رہی۔

تحریک انصاف کی کشمیر کاز سے دشمنی سے یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ عمران خان کون ہیں، ان کا ایجنڈا کیا ہے اور وہ کیا چاہتے ہیں۔ عمران خان اور ان کی جماعت ہر وہ کام کریں گے جس سے ریاست کا نقصان ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف اس سے قبل بھی ملک دشمنی کا ثبوت متعدد بار دے چکی ہے۔

جب پاکستان میں چین کی 34ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آنے لگی تو عمران خان نے رکوانے کے لیے ایڑھی چوٹی کا زور لگا دیا۔ انہوں نے حتی الوسع کوشش کی کہ وزیراعظم پاکستان مقبوضہ کشمیر کا مقدمہ لڑنے اقوام متحدہ نہ جاسکیں۔ اب جب کہ حکومت پاکستان کی کوششوں سے مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر نمایاں طور پر اجاگر ہوچکا ہے تو عمران خان مسئلہ کشمیر کی مخالفت میں سرگرم ہوگئے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پوری قوم اور تمام سیاسی، مذہبی اور نسلی طبقات کا ایک ہی مؤقف ہے۔ لیکن عمران خان اور ان کی جماعت مسئلہ کشمیر کی مخالف جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے۔ انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ اس قسم کے جعلی سیاستدان کے چنگل سے آزادی حاصل کرتے ہوئے میاں محمد نواز شریف کی پاکستان کی ترقی کے لیے کی گئی کاوشوں کا ساتھ دیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان سے بلاول یا کوئی دوسرا تیسرا لیڈراگر ریلی میں شرکت کے لیے جاتا ہے تو وہ پاکستان کی ریاست اور عوام کا نمائندہ ہے۔ ہمارے ملک کے اندر ہزار ہا اختلافات سہی لیکن غیر ملکی پلیٹ فارم پر ایک دوسرے کی ٹانگ کھینچنا پاکستان کی سیاسی تاریخ میں کبھی وطیرہ نہیں رہا۔ عمران خان کی جماعت کے اس فعل سے جہاں ان کی حب الوطنی کھل کر سامنے آتی ہے وہیں ان کی مستقبل کی سیاست سے متعلق عزائم اور سیاسی پختگی بھی آشکار ہوچکی ہے۔

متعلقہ عنوان :