عالمی برادری کشمیریوں کی آزادی کیلئے کردا ر ادا کرے،چوہدری محمد رفیق

مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں،کشمیریوں کو حق مانگنے پر لاشوں کے تحفے دئیے جاتے ہیں ،امت مسلمہ کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرے،تقریب سے خطاب

اتوار 2 نومبر 2014 15:44

سعودی عرب / ریاض (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 2 نومبر 2014) عالمی برادری کشمیریوں کی آزادی کیلئے اپنا کردا ر ادا کرے،مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں،کشمیریوں کو ان کے حق مانگنے پر لاشوں کے تحفے دئیے جاتے ہیں امت مسلمہ کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرے،ان خیالات کا اظہار چوہدری محمد رفیق ،راہنما جماعت اسلامی نے سعودی عرب میں پاکستان سفارت خانے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب کی صدارت سفیر پاکستان خیام اکبر،جبکہ مہمان خصوصی امیر فیصل بن ثنیان بن عبدالعزیز آل سعودتھے،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری محمد رفیق نے کہاکہ بھارت طاقت کے ذریعے کشمیریوں کو غلام رکھنا چاہتا ہے،لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کررہا ہے جس سے سول آبادی شدید مسائل اور مشکلات کا شکار ہے انہوں نے کہاکہ بھارت کی جانب سے پوری لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی جاری جبکہ مقبوضہ کشمیر میں متاثرین سیلاب کا کوئی حال بھی نہیں پوچھا گیا انہوں نے کہاکہ عالمی برادری کشمیریوں کے بنیادی حق حق خودارادیت کے حصول کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا بنیادی حق فراہم کرے،انہوں نے کہا کہ کشمیری اس وقت تک اپنی تحریک کو جاری رکھیں گے جب تک ایک بھی بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں موجود ہو انہوں نے کہاکہ لندن میں ملین مارچ کے انعقاد سے تحریک آزادی کشمیر کو تقویت ملی،کشمیری قیادت کی طرف سے اس کے انعقاد کا خیر مقدم کرتے ہیں،ہمارے قائد عبدالرشید ترابی نے اس میں شرکت کی اور کشمیریوں کی ترجمانی کی انہوں نے کہاکہ حق خودارادیت کے حصول پر تمام جماعتوں کا اتفاق ہے تمام اختلافات سے بالا تر ہو کر ایک ایجنڈے پر جمع ہو کر تحریک کو مضبوط کرنا ہو گا۔