مظفرآباد کو دارالحکومت کے شایان شان اور خوبصورت بنانے کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لارہے ہیں ،چوہدری لطیف اکبر

جمعہ 7 نومبر 2014 15:46

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 7نومبر 2014ء)قائمقام وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری لطیف اکبر نے کہا ہے کہ مظفرآباد ریاست کا دارالحکومت ہے ۔ مظفرآباد شہرکو دارالحکومت کے شایان شان اور خوبصورت سے خوبصورت تر بنانے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ۔ 13نومبر کو یوم صفائی منایا جارہا ہے ۔ صفائی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تاجر وملازمین تنظیمیں ، طلباء ، اسکاؤٹس ، وکلاء اور سول سوسائٹی اپنا بھر پور کر دار ادا کریں ۔

عوام میں شعور کی آگاہی کیلئے پمفلٹ تقسیم کئے جائیں اور گھر گھر صفائی مہم چلائی جائے ۔ ریاست کی تعمیر وترقی وخوشحالی عوام کی فلاح و بہبود ، انصاف کی فراہمی اور قانون کی بالادستی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ ان خیالات کا اظہار قائمقام وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری لطیف اکبر نے مظفرآباد شہر کی صفائی کے حوالہ سے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وزیر اطلاعات سید بازل علی نقوی ، وزیر صنعت و تجارت چوہدری اکبر ابراہیم ، مشیر حکومت مبشر اعجاز چیئرمین ترقیاتی ادارہ اسد حبیب اعوان ، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن سردار مبارک حیدر،کمشنر مظفرآباد ڈویژن غلام بشیر مغل ، ڈپٹی کمشنر مسعودالرحمن ، ایس ایس پی مظفرآباد ، اور دیگر متعلقہ محکموں کے سربراہوں نے شرکت کی ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قائمقام وزیر اعظم چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ مظفرآباد شہر کو خوبصورت سے خوبصورت تر بنانے کا تہیہ کر رکھا ہے ۔

13نومبر کو ہر آدمی اپنے گھر سے لے کر دفتر تک صفائی مہم میں حصہ لے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہر کو صاف ستھر ا رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔ اس حوالہ سے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں ۔ قائمقام وزیر اعظم نے کہا کہ عوام میں شعور اجاگر کرنے کے لئے پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا پر مہم چلائی جائے اور گھر گھر میں پمفلٹ تقسیم کئے جائیں تاکہ ہر آدمی اپنے گھر کے اردگرد سے صفائی وستھرائی کا بندوبست کرے ۔

انہوں نے کہا کہ شہر کو مختلف زونز میں تقسیم کر کے صفائی مہم شروع کی جائے ۔ اجلاس سے خطاب کے دوران قائمقام وزیر اعظم چوہدری لطیف اکبر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ دارالحکومت سے ملحقہ سڑکوں کو خوبصورت بنانے کے لیے سڑکوں کے اردگرد درخت لگائیں جس سے سڑکوں کی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ لینڈ سلائیڈنگ سے بھی چھٹکارہ حاصل کیا جاسکتا ہے ۔