حکومت پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کے بعد فوری ضروریات زندگی کی اشیاء میں کمی کا اعلان کرے،چوہدری خلیل بدلی

جمعہ 7 نومبر 2014 15:47

میرپور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 7نومبر 2014ء)آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے مرکزی رہنماء چوہدری خلیل بدلی نے کہا ہے کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کے بعد فوری طور پر ضروریات زندگی کی اشیاء میں بھی کمی کا اعلان کرے۔ حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے اپنا مکمل فریضہ ادا کرئے پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کے بعد ضروریات زندگی کی اشیاء میں کمی سے مہنگائی کا طوفان تھم سکتا ہے حکومت مربوط حکمت عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوام کو موثر سہولیات فراہم کرئے ۔

ان خیالا ت کااظہار انہوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کر کے عوام کو دیرنیہ مطالبہ حل کر دیا ہے جبکہ غریب و متوسط طبقہ کو اس وقت ہی ریلیف حاصل ہو سکتا جب حکومت کی طرف سے روزمرہ کی اشیاء کی قیمتوں میں ریلیف مہیا کیاجائے ۔

(جاری ہے)

حکومت کی طرف سے ایسا اقدام کرنے سے غریب و متوسط طبقہ کو مکمل ریلیف حاصل ہو سکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے صرف ایک خاص طبقہ کو ریلیف حاصل ہوا ہے جب کہ آزاد کشمیر سمیت پاکستان میں بے شمار ایسے افراد ہیں جو اس مہنگائی کے طوفان کی وجہ سے شدید کسمپرسی کے عالم میں زندگی بسر کر رہے ہیں اس وقت عام آدمی کی قوت خرید انتہائی ختم ہو چکی ہے اور روز مرہ کی اشیاء کی قیمتوں میں کمی سے مہنگائی کے بڑھتے ہوئے طوفان کو بڑی حد تک قابو میں کیا جا سکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عوام میں اس وقت زیادہ تر غریب و متوسط طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد ہیں جن کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے کوئی خاص ریلیف حاصل نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ فوری طور پر ایسی اشیاء کی قیمتوں میں نمایاں کمی کریں جس سے غریب اور عام آدمی کو ریلیف مہیا ہو سکے ۔