سماجی شعبے میں کام کرنیوالے لوگ حکومت کی مدد کررہے ہیں ،فرزانہ یعقوب

ہفتہ 8 نومبر 2014 17:25

میرپور (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 8نومبر 2014ء) وزیر سماجی بہبود و ترقی نسواں فرزانہ یعقوب نے کہا ہے کہ سماجی شعبے میں کام کرنے والے لوگ حکومت کی مدد کررہے ہیں معصوم بچوں کو دہشت گردوں اور معاشرے کے منفی عناصر سے بچانے کے لیے ضروری ہے کہ دیا ویلفیئر فاؤنڈیشن سکول جیسے اداروں کی حوصلہ افزائی کی جائے مجھے انتہائی خوشی ہے کہ میرپور میں راولاکوٹ کی دھرتی سے تعلق رکھنے والی مسز غزالہ خان تعلیمی اور سماجی شعبے میں گرانقدر خدمات سر انجام دے رہی ہیں دیا ویلفیئر فاؤنڈیشن سکول میں بچوں کو مفت تعلیم دے کر بہت بڑے کام کا آغاز کیا گیا ہے ہم بین الاقوامی تنظیموں کی توجہ اس ماڈل ادارے کی طرف ضرور مبذول کروائیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دی گائیڈنس ہاؤس سکول اینڈ کالج سسٹم کے زیر اہتمام چلنے والے دیا ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ٹیلنٹ شو سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

تقریب میں سوشل ویلفیئر کے ڈائریکٹر جنرل سردار لیاقت خان ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر سردار شکیل خان ،مسز غزالہ خان ،مسز صبا خان ،آفاق قریشی سوشل ویلفیئر آفیسر ،شہناز اعجاز سوشل ویلفیئر آفیسر ،سردار جاوید نیشنل کو آرڈینٹر ،محمد مرتضیٰ لائف سٹائل ،مسز لبنیٰ بلال ،مسز عمارہ بٹ و دیگر نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر سماجی بہبود محترمہ فرزانہ یعقوب نے کہاکہ آزادکشمیر بھر میں اس وقت تین سو سے زائد این جی اوز کام کر رہی ہیں اور مجھے یہ دیکھ کر بہت مسرت ہوئی ہے کہ دیا ویلفیئر فاؤنڈیشن بچوں کی تعلیم اور خواتین کی معاشی ترقی کے لیے سائنسی بنیادوں پر کام کر رہا ہے ہم اس ادارے کی بھرپور معاونت کریں گے اور ہم سمجھتے ہیں کہ خود کش دھماکوں اور دہشت گردی سے بچنے کے لیے قوم کے ننھے پھولوں کو ہم نے دہشت گردوں کے ہاتھوں میں جانے سے بچانا ہے او ر اس کے لیے تعلیم ہی سب سے بڑا ذریعہ ہے ۔