کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق دینگے،عمران خان

زلزلہ متاثرین علاقوں کی تعمیر نو میں تعطل کے ذمہ دار زرداری ٹولہ اورآزادکشمیر کے کرپٹ حکمران ہیں،وفاق آزادکشمیر کے زلزلہ متاثرین کے 55ارب روپے واپس کرے اور تعمیر نو کے عمل کو فوری مکمل کرے۔مسئلہ کشمیر کو حل مذاکرات سے ممکن ہے، بھارت کی ہٹ دھرمی مسئلہ کشمیر کے حل میں بڑی رکاوٹ ہے،ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں، چوک اسلام آباد میں کشمیر ڈے سے خطاب اور وفود سے گفتگو

اتوار 9 نومبر 2014 23:43

کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق دینگے،عمران خان

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9نومبر۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق دینگے،زلزلہ متاثرین علاقوں کی تعمیر نو میں تعطل کے ذمہ دار زرداری ٹولہ اورآزادکشمیر کے کرپٹ حکمران ہیں۔وفاق آزادکشمیر کے زلزلہ متاثرین کے 55ارب روپے واپس کرے اور تعمیر نو کے عمل کو فوری مکمل کرے۔

مسئلہ کشمیر کو حل مذاکرات سے ممکن ہے۔ بھارت کی ہٹ دھرمی مسئلہ کشمیر کے حل میں بڑی رکاوٹ ہے۔ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز ڈی چوک اسلام آباد میں تحریک انصاف آزادکشمیر کے زیراہتمام کشمیر ڈے سے خطاب اور وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔دھرنے سے تحریک انصاف آزادکشمیر کے رہنماؤں راجہ شجاعت ،خورشید ْعباسی، سردار عاطف خان،راجہ منصور،اور دیگرمقررین نے بھی خطاب کیا جبکہ سٹیج پرراجہ سجاد جنجوعہ ، نورین ابراہیم ، شازیہ کیانی و دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

عمران خان نے مزید کہا کہ کے پی کے میں انصاف کا نظام لیکر آئے ہیں۔پولیس میں سیاسی مداخلت ختم کر دی ہے۔

پٹواری کلچر ختم کر دیا ہے۔ہم نظام کی تبدیلی کیلئے نکلیں ہیں اور انشاء اﷲ نظام تبدیل کر کے رہیں گے۔انھوں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر سخت تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ بھارت کشمیریوں کو چاہیے کہ وہ اپنے وعدے کے مطابق کشمیریوں کو رائے شماری کا موقع دے۔

مسئلہ کشمیر کا حل دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے۔تحریک انصاف کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی مکمل حمایت کرتی ہے۔انشاء اﷲ کشمیریوں کو آزادی ضرورملے گی۔قبل ازیں دھرنے سے خطاب کر تے ہوئے خورشید عباسی نے کہاکہ آزادکشمیر میں نوجوانوں کو آگے لائینگے،کرپشن کا خاتمہ اور تعلیم کا فروغ اولین ترجیح ہے۔پانچ خاندانوں کی اجاراداری کے خاتمے کیلئے نوجوان عمران خان کا پیغام لیکر آزادکشمیر کے گھر گھر پہنچ جائیں۔

عمران خان غریبوں کے مسیح ہیں،کرپشن اور بے روزگاری کے خاتمے سے ریاست ترقی ممکن ہے۔آزادکشمیر کے حکمرانوں اور سیاستدانوں نے بیس کیمپ کو لوٹ کھسوٹ کیمپ بنارکھا ہے ان حکمرانوں کی کرپشن کے خلاف مظفر آباد اسمبلی کا گھیراؤ کریں گے ، مرکزی حکومت منگلا ڈیم رائیلٹی ، قدرتی وسائل پر کنٹرول اور حق حکمرانی کا مکمل اختیار دے ،مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی انتخابی ڈرامہ قبول نہیں ، کشمیریوں کو برابر کے حقوق دیئے جائیں،حویلی ، نیلم و دیگر اضلاع کے عوام کو سڑک، بجلی ،پانی، موبائل و انٹرنیٹ جیسی بنیادی سہولیات سے دور رکھ کر تقسیم کرنے کی سازشیں کی جا رہی ہیں ۔

سردار یعقوب ، چوہدری عبدالمجید ،سردار عتیق خان ، فاروق حیدر کشمیریوں کے وسائل پر قابض ہو کر سیاہ و سفید کے مالک بنے ہوئے ہیں انہیں عوام اب مسترد کر دے گی.

تحریک انصاف نے کشمیریوں کو ہمت و حوصلہ دیا ،عمران خان کی قیادت میں کشمیری عوام ہندوستان سے آزادی سمیت آزادکشمیر کے کرپٹ حکمرانوں سے پائی پائی کا حساب لیں گے۔ راجہ شجاعت نے کہا کہ آج کشمیری نوجوان سوال پوچھتا ہے کہ اسے 67 سال گزر جانے کے باوجود آزادی و بنیادی حقوق کیوں نہیں دیئے جا رہے ، مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی افواج نہتے کشمیریوں کو ظلم و تشدد کا نشانہ بنائے ہوئے ہیں ، سیلاب کی وجہ سے کشمیر کا 80 فیصد علاقہ تہس نہس ہو چکا لیکن بزدل بھارت کشمیریوں کو طاقت کے زور پر بانے کی ناکام کوشش میں اب بھی مصروف ہے ، کشمیری حریت پسندوں کو قید و بند کر دیا گیا ہم اقوام عالم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کشمیری رہنماؤں کی جبری نظر بندیوں و قید کا نوٹس لے اور کشمیریوں کو حق خودارادیت دلائے انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکمرانوں کو بھی سمجھ لینا چاہیے کہ وہ کشمیریوں کے حقوق زیادہ دیر تک غصب نہیں کر سکیں گے ، منگلا ڈیم رائیلٹی سمیت دیگر حقوق اب دبانے نہیں دیں گے ، ہم برابری کی بنیاد پر مرکز کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں ، کوئی بھی ہمیں طاقت کی بنیاد پر دبانے کی کوشش نہ کرے ۔

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے حکمرانوں نے 67 سالوں سے کشمیری عوام سے وفا نہیں کی ، بیس کیمپ کو اقتدار کا اڈہ بنا کر لوٹ کھسوٹ کی گئی، عوام اب جاگ چکی ہے ہم اس لوٹ کھسوٹ کو برداشت نہیں کریں گے ۔ سردر عاطف اور راجہ منصور نے کہا کہ تحریک انصاف پاکستان کے ساتھ ساتھ آزادکشمیر کے عوام میں سرایت ہو چکی ہے ، کسی قبضہ مافیا یا بہروپیے کو اس پر قابض نہیں ہونے دیں گے ، ہم تبدیلی کا نعرہ لیکر نکلے ہیں عوام ہمارے ساتھ ہیں ، کرپشن سے آلودہ اس کرپٹ معاشرے میں فوری تبدیلی ممکن نہیں تھی اسی لیے تحریک انصاف یہاں پارلیمنٹ کے سامنے 88 دن سے دھرنا دیے ہوئے ہے ،آزادکشمیر کے حکمرانوں نے رویہ تبدیل نہ کیا تو مظفر آباد اسمبلی کا گھیراو کرنے سے بھی گریز نہیں کریں گے ۔