اسلاف نے خطے سے ڈوگرہ راج کے خاتمہ کیلئے گرانقدر قر بانیاں دیں،سردار غلام صادق خان

پیر 10 نومبر 2014 16:19

راولا کوٹ (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 10نومبر 2014ء) آزاد کشمیر اسمبلی کے سپیکر سردار غلام صادق خان نے کہا ہے کہ اسلاف نے خطے سے ڈوگرہ راج کے خاتمہ کیلئے گرانقدر قر بانیاں دی ہیں کیپٹن حسین شہید اور بابائے پونچھ خان محمد خان (مرحوم ) نے خطے کے عوام کو عسکریت اور علم کی سر بلندی کیلئے تیار کیا ان کی خدمات عظیم الشان اور قابل تقلید ہیں علم کے حصول کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی اور جو قوم اپنا جائز حق کے حصول کے لئے جدو جہد نہیں کرتی وہ دائمی غلامی میں گرفتار ہو جاتی ہے سپیکر نے کہا کہ پونچھ کے قائدان نے ملک اور قوم کی صحیح سمت راہنمائی کی ہے۔

عسکریت کی جدو جہد سے یہ خطہ ڈوگرہ غلامی سے آزاد ہوا اسلاف نے اپنا آج خطے کے عوام کے روشن مستقبل کیلئے قربان کر دیا ان کی سنہری خدمات تاریخ ساز ہیں جن پر فخر کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلاف کی جدو جہد سے ریاست کا ایک حصہ ہم آزادکروا سکے جہاں پر آج آزاد حکومت قائم ہے جہاں سے بقیہ غلام حصہ کی آزادی کے لئے جدو جہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ سردار غلام صادق خان نے کہا کہ آج کے دن ہمیں عہد کرنا چاہئے کہ خطے میں علم کی روشنی کو عام کریں گے اور جدو جہد سے مقبوضہ کشمیر کوآزاد کروا کر پوری ریاست کا پاکستان سے الحاق کریں گے۔ انہوں نے اسلاف کو خراج عقیدت پیش کیا۔