بزرگان دین اولیاء کاملین و مشائخ عظام کی شبانہ روزکاوشوں سے ہندوستان میں اسلام کا نور پھیلا ،چوہدری محمد یاسین

پیر 10 نومبر 2014 16:20

میرپور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 10نومبر 2014ء)آزاد کشمیر کے سینئر وزیر چوہدری محمد یاسین نے کہا ہے کہ بزرگان دین اولیاء کاملین و مشائخ عظام کی شبانہ روزکاوشوں سے کفرستان ہند میں اسلام کا نور پھیلا یہی وجہ ہے کہ اس علاقہ میں آج توحید و رسالتﷺ کے دلنواز نغمات گونج رہے ہیں اور ان بندگان خداکے مزارات مرجع خلائق ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے دورہ برطانیہ کے دوران میاں محمد بخش سوسائٹی برطانیہ سے وابستہ تارکین وطن کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

چوہدری محمد یاسین نے 22نومبر کو میرپورشہر میں منعقد ہونے والی مجوزہ ”تیرہویں سالانہ میاں محمد بخش کانفرنس“ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی دعوت بخوشی قبول کرتے ہوئے اسے اپنے لئے ایک عظیم روحانی اعزاز قرار یا ہے ۔

(جاری ہے)

سینئر وزیر نے اپنی گفتگو میں کہا کہ پاک و ہند میں بے شک مسلم حکمرانوں نے فتخ و نصرت اور کامیابیوں کے جھنڈے گاڑھے لیکن اسلام کا نور لوگوں کے دلوں میں منتقل کر کے راہ حق سے بھٹکے ہوئے غیر مسلموں کا ناطہ مالک شرق و غرب سے جوڑنے کا سہرا اولیاء کاملین و مشائخ عظام ہی کے سر ہے ۔

چوہدری محمد یاسین نے کہ اکہ حضرت میاں محمد بخش  عظیم صوفی شاعر و دانشور کی حیثیت سے دنیا میں متعارف ہوئے اور ان کی تصانیف میں سیف الملوک کو بے پناہ شہرت ملی اس گرانقدر تصنیف کے 9248اشعار علم و حکمت کا خزینہ ہیں۔ مسلمانوں کے علاوہ ہندو سکھ و غیر مسلم بھی اس عارفانہ کلام سے عشق کی حد تک لگاؤ رکھتے ہیں لہذا اس روحانی کلام کی تبلیغ و اشاعت کیلئے ایسی سالانہ کانفرنسیں مستحسن اقدام ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ 24اکتوبر کو آزاد کشمیر کے یوم تاسیس کے موقع پر محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام ایک بڑی محفل سیف الملوک کا اہتمام دربار کھڑی شریف کے مقام پر کیا گیا ۔ میں حکومت کی سطح پر ایسے سالانہ پروگراموں کے باقاعدگی سے انعقاد کی کوشش کرؤں گا۔ میاں محمد بخش سوسائٹی برطانیہ شاخ کے رہنماؤں ٹھیکیدار چوہدری شبیر حسین رادھرم ، پہلوان حاجی محمد مالک برمنگھم، حاجی محمد شریف بریڈ فورڈ، ماسٹر محمد یونس ہائی ویکمب، نمبردار چوہدری محمد شریف آف پنور ویسٹ براموچ، حاجی فضل داد راچڈیل ، ماسٹر امیر زمان ، حاجی ارشد محمود، چوہدری افضل برمنگھم اور چوہدری غلام نبی ڈربی نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں آزاد کشمیر کے سینئر وزیر چوہدری محمد یاسین کی عوام دوستی کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا ہے ۔

کہ گوناں گوں قومی مصروفیات کے باوجود سینئر وزیر نے 22نومبر کی مجوزہ کانفرنس میں شرکت کی دعوت قبول کر کے ہمارے جذبات کو پذیرائی بخشی ہے۔ تارکین وطن کے ان راہنماؤں نے کہا کہ بھارت میں یونیورسٹی سطح کے کئی بڑے تعلیمی اداروں میں میاں محمد بخش چیئر قائم ہے لیکن آزادکشمیر میں اس جانب کوئی توجہ نہیں دی گئی ہے ہمارا مطالبہ ہے آزادکشمیر یونیورٹی میں میاں محمد بخش چیئر قائم کی جائے اور سکولوں کا لجوں کی سطح پر رومی کشمیر کے عارفانہ کلام کے ادبی پروگرام منعقد کرائے جائیں ۔