نوجوان نسل کی تعلیم وتربیت کے لیے حکومت نے ہائیرایجوکیشن کمیشن کے سالانہ فنڈز 40 ارب سے بڑھا کر 63 ارب کردیئے ہیں، انجینئر بلیغ الرحمان

بدھ 12 نومبر 2014 16:52

میرپور( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 12نومبر 2014ء) وفاقی وزیر تعلیم وپروفیشنل ٹریننگ انجینئر بلیغ الرحمان نے کہاہے کہ نوجوان نسل کی تعلیم وتربیت کے لیے وزیراعظم پاکستان میاں محمدنوازشریف کی حکومت نے ہائیرایجوکیشن کمیشن کے سالانہ فنڈز 40 ارب سے بڑھا کر 63 ارب کردیئے ہیں۔ وزیراعظم پاکستان کی ہونہار طلباء وطالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی پالیسی انڈیاسمیت دنیاکہ دیگرممالک میں بھی اپنائی جارہی ہے۔

لیپ ٹاپ کی تقسیم سے کوالٹی آف ایجوکیشن کو فروغ مل رہاہے ۔مسلم لیگ ن کی حکومت ہرسال ہونہار طالبعلموں میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کرہی ہے جس سے 30 فیصد انرولمنٹ بڑھی ہے۔ لیپ ٹاپ کی تقسیم کافارمولہ صرف اور صرف میرٹ کی بنیاد پر ہے۔ ہماری حکومت زندگی کے ہرشعبہ میں میرٹ کی بحالی کے لیے کوشاں ہے ۔

(جاری ہے)

نوجوان ملک اور قوم کا اثاثہ اور ہمارامستقبل ہیں۔

انھیں جدید تقاضوں کے مطابق زیورتعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے وفاقی حکومت ہرممکن کوششیں کررہی ہے۔ مسٹ یونیورسٹی نے بہت کم عرصہ میں اپنامقام بنایا۔ HEC اور وفاقی حکومت کی طرف سے مسٹ یونیورسٹی کے لیے ہرممکن سہولیات ومراعات فراہم کریں گے۔ آزادکشمیربھرمیں اگلے سال مذید لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے۔ وزیراعظم پاکستان میاں محمدنوازشریف نے مسئلہ کشمیرپر ہمیشہ دوٹوک اورجرات مندانہ موقف اختیارکیا وہ تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کے ساتھ ساتھ آزادکشمیرکی تعمیروترقی میں بھی گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔

ان خیالات کااظہارانھوں نے میرپورسائنس اینڈ ٹیکنالوجی (مسٹ) یونیورسٹی کے زیراہتمام ماسٹرڈگری ، ایم فل او رپی ایچ ڈی کے ہونہار طلباء وطالبات میں وزیراعظم پاکستان کی طرف سے لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ تقریب سے وائس چانسلر مسٹ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر حبیب الرحمان نے بھی خطاب کیاجبکہ ڈائریکٹر SFAO فاروق احمدپیرزادہ نے سالانہ رپورٹ پیش کی۔

سٹیج سیکرٹری کے فرائض سبین زیب نے سرانجام دیئے۔ تقریب میں وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کے کوآرڈینیٹر مخدوم عدیل الرحمان، سابق وزیرحکومت چوہدری رخسار احمد، مسلم لیگ ن کے راہنما چوہدری محمدسعید، وزیراعظم یوتھ لون آزادکشمیرکے کوآرڈینیٹر ملک محمدحنیف، ڈی آئی جی ڈاکٹرخالد چوہان، ایس ایس پی راجہ عرفان سلیم، محترمہ بے نظیربھٹوشہید میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر میاں عبدالرشید، مختلف ڈیپارٹمنٹ کے چیئرمین، ڈین صاحبان، یونیورسٹی فیکلٹی ، معززین شہر، سول سوسائٹی کے نمائندہ افراد اور طلباء وطالبات نے کثیرتعداد میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرمملکت برائے وفاقی وزیرتعلیم بلیغ الرحمان نے کہاکہ چیئرپرسن وزیراعظم یوتھ پروگرام محترمہ مریم نواز بغیر تنخواہ ومراعات کے لیے نوجوانوں کی تعلیم وتربیت اور انھیں خوشحال بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔ انھوں نے کہاکہ ہماری حکومت نوجوان نسل کو ایک ویژن اور لیڈرشپ کے تحت قومی ترقی کے دائرے میں شامل کررہی ہے۔

انھوں نے نوجوانوں سے کہاکہ وہ ڈاکٹرعلامہ محمد اقبال کے ویژن اور جذبہ کے تحت آگے بڑھیں اور اس پاکستان کے خواب کی تعبیر کو آگے بڑھانے میں مدد کریں جن میں معاشرتی ترقی ، ایک دوسرے کو برداشت کرنے کا جذبہ ہو اور ہماری نئی نسل ملک وقوم کے لیے رول ماڈل ثابت ہوں۔ انھوں نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان میاں محمدنواز شریف نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر پردوٹوک موقف اختیار کیاہے وہ کشمیرکی تعمیروترقی کے ساتھ ساتھ کشمیرمیں تعلیم وتربیت میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔

انھوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ نصاب تعلیم کو جدید تقاضوں کے مطابق بنایا جائے جس میں پاکستان کے تمام صوبوں اور آزادکشمیر کے ماہرین تعلیم سے مشاورت کی جائے گی۔ انھوں نے کہاکہ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے لیے 35 ہزار سالانہ نوجوانوں کو فنی اور ووکیشنل ٹریننگ کروائی جارہی ہے جبکہ ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کو بھی فروغ دیاجارہاہے۔ انھوں نے کہاکہ فی ری ایمبرسڈکے تحت 11 ارب روپے کی رقم سٹوڈنٹس کو واپس کی گئی ہے ۔

انھوں نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان میاں محمدنواز شریف نے یونیورسٹیوں میں فیس کی کمی کی ہے اور HEC کے بجٹ کو40 ارب سے بڑھاکر 63 ارب کر دیاہے جس سے اعلیٰ تعلیم کو فروغ مل رہاہے ۔ انھوں نے کہاکہ یوتھ بزنس پروگرام کے تحت بے روزگار نوجوانوں کو ایک لاکھ سے 20 لاکھ روپے مائیکروفنانس کے تحت 50 ہزار تک کے آسان اقساط پر قرضے دیئے جارہے ہیں جبکہ سرکاری وفاقی ملازمتوں میں NTS ٹیسٹ کے تحت تمام اہل امیدواروں کو سرکاری نوکریاں دے رہے ہیں۔

انھوں نے کہاکہ لیپ ٹاپ تقسیم کرنے میں ہم نے میرٹ کو سامنے رکھاہے جس میں کوئی سیاسی مداخلت نہیں ہے۔ ہم میرٹ پر یقین رکھتے ہیں اور میرٹ کی بنیاد پر نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں۔ انھوں نے ماسٹرڈگری پروگرام ،ایم فل اورپی ایچ ڈی پروگرام کے ہونہار طلبا وطالبات کو وزیراعظم پاکستان کی لیپ ٹاپ سکیم کے تحت ملنے والے لیپ ٹاپ پر انھیں مبارکباد دی۔

انھوں نے مسٹ کی بہترین کارکردگی پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرحبیب الرحمان اور یونیورسٹی فیکلٹی کو بھی مبارکباد دی اور اس توقع کااظہار کیاکہ وہ جدید تعلیم کے فروغ کے لیے کلیدی کردار اداکرتے رہیں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر مسٹ پروفیسر ڈاکٹر حبیب الرحمان نے وفاقی وزیربرائے تعلیم انجینئربلیغ الرحمان اور کوارڈینیٹر وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم مخدوم بلیغ الرحمان کا شکریہ اداکیاجنھوں نے مسٹ یونیورسٹی کے طلباء وطالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔

وائس چانسلر مسٹ پروفیسرڈاکٹر حبیب الرحمان نے کہاکہ کسی بھی قوم اور ملک کی اصل دولت اس کی زمین کے نیچے چھپے ہوئے معدنیات اور وسائل نہیں بلکہ اصل وسائل کا انحصار تعلیم اور میرٹ ہے جب تک ملک میں اعلیٰ تعلیم کو فروغ نہیں دیاجاتا اس وقت تک ہم ایک باوقارخوشحال اور ترقی یافتہ قوم کے طورپر ترقی کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔ انھوں نے مسٹ یونیورسٹی کے زیراہتمام تعلیم اور بیت کے لیے کی جانے والی کوششوں کے بارے میں کہاکہ ہماراماٹو کوالٹی آف ایجوکیشن کو بین الاقوامی نوعیت کے مطابق بڑھاناہے مسٹ میں کئی ڈیپارٹمنٹ جن میں سائنس ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، آئی ٹی ، سول انجینئرنگ ، الیکٹریکل انجینئرنگ ، ہوم اکنامکس سمیت دیگرشعبوں میں اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

یونیورسٹی کی نئی بلڈنگ کے بعد مذید ڈیپارٹمنٹ کا آضافہ کیاجائے گا۔

متعلقہ عنوان :