صفائی ایمان کا لازمی جز ہے، شیخ اظہر

جمعہ 14 نومبر 2014 16:25

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 14نومبر 2014ء) سابق ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شیخ اظہر نے کہا ہے کہ صفائی ہمارے ایمان کا لازمی جزہے‘ حضور اکرم ﷺ کی ایک حدیث کے مطابق صفائی نصف ایمان ہے۔ آج ہم اپنے بدن اور گھر کی صفائی تو کر لیتے ہیں مگر جس معاشرے میں رہتے ہیں اُسے گندہ کرنے میں کسر نہیں چھوڑتے یہ اسلام‘ اخلاقیات اور معاشرتی اصولوں کے خلاف ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار سابق ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر نے یوم صفائی کے موقع پر مدینہ مارکیٹ ‘ خواجہ بازار‘ موچی گلی‘ گرلز کالج روڈ و دیگر علاقوں میں عملاً صفائی مہم میں حصہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے شاہین سکول کے طلبہ کی صفائی مہم کے حوالہ سے واک میں شرکت کی‘ جس میں مسلم کانفرنس کی مرکزی رہنما سمعیہ ساجد‘ تاجر رہنما عبدالرزاق خان‘ اعجاز زرگر‘ ہارون آزاد ‘ شاہین سکولز کے عزیز گیلانی بھی موجود تھے۔

واک کا مقصد عوام میں صفائی و ستھرائی کے حوالہ سے شعور اجاگر کرنا تھا ۔ حکومت آزادکشمیر کی جانب سے صفائی کے حوالہ سے جو مہم شروع ہوئی ہے وہ لائق تحسین ہے۔ عوامی حلقوں نے بھی صفائی مہم کو خوش آئند قرار دیا۔