میرپور‘ تیرہویں سالانہ میاں محمد بخش کانفرنس کے انعقاد کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں

منگل 18 نومبر 2014 16:09

میرپور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 18نومبر 2014ء) تیرہویں سالانہ میاں محمد بخش کانفرنس کے انعقاد کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں شہر میں بڑے بڑے سائین بورڈز پر پبلسٹی کے علاوہ دعوتی کارڈز کی تقسیم شروع کر دی گئی ۔وکلاء ،اساتذہ کرام ،دانشوروں ،ادیبوں ،علماء کرام ،سرکاری آفیسران ،سابق کونسلروں ،تاجروں اور اخبار نویسوں کے علاوہ ہر شعبہ زندگی کے نمائندہ و چیدہ چیدہ افراد ،مذہبی ،دینی روحانی اور سماجی تنظیموں کے زعماء کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے مجوزہ کانفرنس کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے انتظامی ،استقبالی ،دعوتی او رپبلسٹی کمیٹیوں کا ایک خصوصی اجلاس زیر صدارت بابو محمد صدیق چوہدری چیئرمین منعقد ہوا جس میں صدر سوسائٹی کے ڈی چوہدری ،صاحبزادہ حاجی عبدالرحمن ،چوہدری کرامت علی ،راجہ حفیظ الرحمن ،اشرف چوہان ،الحاج محمد رمضان جانی ،جاوید چوہدری ایف ٹو ، حاجی عبدالخالق طاہر بہاری ،حاکم دین صابری ،راجہ مظہر اقبال او ردیگر عہدیداران و ممبران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ 22نومبر شام 7:30بجے تیرہویں سالانہ میاں محمد بخش کانفرنس شہر کے جدید ہوٹل کے کانفرنس ہال میں انشاء اللہ حسب روایت انتہائی عقیدت و احترام سے منعقد ہو گی ۔جس کی صدارت سپیکر آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی سردار غلام صادق کریں گے مہمان خصوصی آزادکشمیر کے سینئر وزیر چوہدری محمد یاسین اور وزیر اکلاس و فشریز راجہ واجد الرحمن ہونگے ۔

جبکہ سید نظیر الحسن گیلانی سیکرٹری مذہبی امور و اوقاف آزادکشمیر ،راجہ اظہر اقبال ڈائریکٹر اطلاعات آزادکشمیر ،چوہدری ریاض عالم ایڈووکیٹ چیئرمین تحریک تحفظ ناموس رسالت آزادکشمیر او ر غلام رسول عوامی ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن میرپور بطور خاص شرکت کرینگے ۔کانفرنس میں رومی کشمیر حضرت میاں محمد بخش کے روحانی افکار اور تبلیغی خدمات کے حوالے سے ممتاز عالم دین علامہ حافظ محمد اسلم خان نقشبندی صدر سنی علماء مشائخ کونسل میرپور اور نوجوان سکالر علامہ زبیر احمد نقشبندی خطیب جامع مسجد دربار عالیہ کھڑی شریف خصوصی خطاب فرمائیں گے عارفانہ کلام سیف الملوک چوہدری محمد انور سماں ایڈووکیٹ لاہور ،منظور حسین ملنگ لاہور ،ہدایت علی قادری قصور ،بابر جاوید چغتائی لاہو ر،وسیم عباس اسلام آباد ،افتخار احمد قادری ،زبیر الحسن جرال اور چوہدری کرامت حسین پڑھیں گے ۔

اس کانفرنس میں آزادکشمیر کے مختلف اضلاع اور پنجاب سے چیدہ چیدہ نمائندہ افراد پر مشتمل قافلے بطور خاص شرکت کر رہے ہیں جبکہ اسلام آباد ،راولپنڈی سے صحافیوں اور دانشوروں کی ایک ٹیم کو بطور خاص مدعو کیا گیا ہے ۔کانفرنس کی جملہ کاروائی کیبل نیٹ ورک پر براہ راست (Live)عقیدتمندوں و شہریوں کو دکھائی جائے گی اور اس سلسلہ میں رومی کشمیر حضرت میاں محمد بخش  کے عقیدتمندوں و مریدین میں بہت جوش و خروش پایا جاتا ہے ۔کانفرنس کے اختتام پر دعا اور لنگر کی تقسیم کا بندوبست بھی کیا گیا ہے ۔