لندن ،برنلے لیبر پارٹی نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت میں قرارداد منظور کرلی

جمعرات 20 نومبر 2014 16:16

برنلے،لندن( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 20نومبر 2014ء ) برنلے لیبر پارٹی نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت میں قرارداد منظور کرلی ۔ یہ قرارداد کاؤنٹی کونسلر اور برنلے لیبر پارٹی برنلے کے اقلیتی امور کے سربراہ جموں کشمیر لبریشن لیگ برطانیہ کے کنوینر ڈاکٹر مسفر حسن نے پیش کی ۔ قرارداد میں ڈاکٹر مسفر حسن نے اراکین لیبر پارٹی کو بتایا کہ ستمبر میں بھارت کے زیر انتظام وادی کشمیر میں تباہ کن سیلاب آیا جس کے نتیجہ میں سرینگر شہر کا وسیع علاقہ تقریباً چودہ فٹ پانی میں ڈوب گیا جس کے نتیجہ میں بہت سی قیمتی جانیں ضائع ہوگئیں تیس ہزار سے زائد گھروں کو شدید نقصان پہنچا اربوں روپے کے کاروبار تباہ ہوگئے ہسپتال ، ڈسپنسریاں ، سڑکیں اور کئی پل تباہ ہوگئے اور تیس سے پچیس لاکھ لوگ اس سیلاب کی وجہ سے متاثر ہوئے دریائے جہلم کے کنارے آباد کئی دیہات صفحہ ہستی سے مٹ گئے اس تمام تر تباہی کو میڈیا نے کہیں بھی رپورٹ نہیں کیا اور دنیا میں اس تباہی کو کسی بھی ملک میں اجاگر نہیں کیا گیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیلاب کے نتیجہ میں لوگوں کی بڑی تعداد کو ادویات ، پینے کے صاف پانی ، خوراک اور رہائش کی جگہوں کی قلت کا سامنا ہے جبکہ بھارت کا قانون بین الاقوامی امدادی اداروں کو کشمیر میں داخلے کی اجازت نہیں دیتا ۔ دوسری جانب کشمیر کی سرحدوں پر تعینات پاکستانی اور بھارتی فوجوں کے درمیان جھڑپوں نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے جس سے کئی قیمتی جانوں کا ضیاع بھی ہوا ہے ۔

قرارداد کے بارے میں بات کرتے ہوئے ڈاکٹر مسفر نے اجلاس کو بتایا کہ کشمیر میں سردی کے مہینوں میں انتہائی شدید سردی پڑتی ہے اور موجودہ حالات میں جبکہ لوگوں کے خیموں میں پناہ لے رکھی ہے بہت سے لوگوں کے پاس سردی سے بچاؤ کیلئے مناسب گرم کپڑے بھی موجود نہیں ہیں اس تمام تر صورتحال سے نمٹنے اور مصیبت زدہ کشمیری عوام کی مدد کیلئے لیبر پارٹی کے ایم پی اور مرکزی قیادت کی سیکرٹری خارجہ کے ذریعے دونوں حکومتوں سے بات چیت کرکے اہم اقدامات کئے جائیں جن میں یہ شامل ہیں حکومت سے درخواست کی جائے کہ وہ بین الاقوامی امدادی تنظیموں کو کشمیر کے عوام کی ضروریات کا سامان فراہم کرنے کی فوری اجازت دے بھارت اور پاکستان کی حکومتیں سرحدوں کے آر پار آنے جانے کی پابندیاں نرم کرتے ہوئے امدادی سامان کی ترسیل میں آسانی پیدا کریں ۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ لیبر پارٹی کشمیر پر اپنی پالیسی کا احیا کرتے ہوئے اس کے لیے کام کرے کہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت مل سکے اور اس دیرینہ مسئلے کا منصفانہ حل ہوسکے قرارداد پر بحث کرتے ہوئے ممبران برنلے لیبر پارٹی نے کہا کہ حق خودارادیت کشمیری عوام کا بنیادی حق ہے جسے اقوام متحدہ نے تسلیم کررکھا ہے اگر سکاٹ لینڈ کے عوام کو اپنے مستقبل کے فیصلے کا حق مل سکتا ہے تو کشمیری عوام کو کیوں نہیں بحث کے بعد قرارداد پر رائے شماری ہوئی اور تمام اراکین نے قرارداد کے حق میں ووٹ دے کر اسے منظور کرلیا

متعلقہ عنوان :