محکمہ اطلاعات آزادکشمیر کو وفاق میں پہلی مرتبہ نمائندگی دیدی گئی ، نوٹیفکیشن جاری

جمعرات 20 نومبر 2014 16:43

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 20نومبر 2014ء)محکمہ اطلاعات آزادکشمیر کو وفاق میں پہلی مرتبہ باقاعدہ نمائندگی دے دی گئی ہے۔ جس کا ناقاعدہ نوٹیفکیشن وزارت اطلاعات ونشریات حکومت پاکستان سے جاری کر دیا گیا ہے۔ محکمہ اطلاعات آزادکشمیر کے ڈائریکٹر آئندہ اے بی سی اور دیگر حوالوں س سے ہونے والے اہم اجلاسوں اور فیصلوں میں ریاست کی نمائندگی کریں گے۔

2004میں ایک نئی قانون سازی کے تحت وفاقی وزرات اطلاعات میں بہت سے نئے شعبے قائم کیے گئے تھے مگرڈیکلریشن ،رجسٹریشن اور دیگر جملہ معاملات میں آزادکشمیر کو شامل نہیں کیا گیا تھا جبکہ اے بی سی میں پاکستان کے دیگر صوبوں کو باقاعدہ نمائندگی حاصل ہے اور صوبائی ناظم تعلقات عامہ اجلاسوں میں شرکت کرتے ہیں تاہم آزادکشمیر کو کبھی شامل نہیں کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اس حوالہ سے متعدد بار حکومت پاکستان کو مکتوب ارسال کیے گئے وزارت اطلاعات اور وزراء برائے امور کشمیر نے بھی اعلانات کیے مگر عملدرآمد نہ ہو سکا۔ وزیر اطلاعات سید بازل علی نقوی اور سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شہلا وقار کی خصوصی ہدایت پر ناظم اطلاعات راجہ اظہر اقبال نے اپنی تعیناتی کے فوری بعد اس اہم معاملہ پر عملی اقدامات کا آغاز کیا اور وفاقی سطح پر ملاقاتوں کے بعد ریاست کو مرکزی سطح پر نمائندگی دلوانے میں کامیابی حاصل کر لی۔ اس اقدام کے بعد نہ صرف آزادکشمیر کے صحافیوں کے معاملات جلد یکسو ہوں گے بلکہ حکومت آزادکشمیر کی کوریج کا دائرہ کار بھی ڈاک ایڈیشن سے آگے بڑھ سکے گا۔