لندن ملین مارچ کے تسلسل کو قائم رکھا جائے گا، اس قسم کے مارچ کرکے کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا

جمعرات 20 نومبر 2014 17:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 20نومبر 2014ء)آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی رہنماء بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور امیر جماعت اسلامی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ لندن ملین مارچ کے تسلسل کو قائم رکھا جائے گا اور اس قسم کے مارچ کرکے کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا اور بھارت کے مقبوضہ پر غاصبانہ اور جابرانہ قبضے کی مزمت کی جائے گی اور 25 نومبر سے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے فراڈ اور نام نہاد الیکشن کا ڈھونگ رچانے پر تمام کشمیری بھارت کے خلاف مظاہرے کرکے یہ ثابت کریں کہ کشمیری قوم متحد ہے اور جاگ اٹھی ہے۔

ب ۔ اس بات کا اعلان دونوں رہنماؤں نے یہاں اسلام آباد میں بیرسٹرسلطان محمود چوہدری کی رہائشگاہ پر ایک تفصیلی ملاقات میں کیا۔

(جاری ہے)

دونوں رہنماؤں نے لندن ملین مارچ کی کامیابی پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ اسمیں آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتیں اکٹھی ہوئیں اور برطانیہ کی تاریخ میں کشمیریوں اور پاکستانیوں کا یہ سب سے بڑا تاریخی اجتماع اکٹھا رکے یہ ثابت کردیا کہ مقبوضہ کشمیرکے عوام اپنی جدوجہد میں تنہا نہیں بلکہ تمام کشمیری انکے ساتھ ہیں۔

اب جبکہ بھارت کا وزیر اعظم نریندر مودی مقبوضہ کشمیر میں انتخابات کا ڈھونگ رچا کر ایک ایسی حکومت وہاں قائم کرنا چاہتا ہے جو کہ آرٹیکل 371 ختم کرکے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کردے۔تاہم ان انتخابات کو مقبوضہ کشمیر کے عوام پہلے ہی مسترد کرچکے ہیں کیونکہ یہ انتخابات کسی بھی طور حق خود ارادیت کا متبادل نہیں ہو سکتے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی آٹھ لاکھ فوج موجود ہے اور ملٹری کنٹونمنٹ میں کونسے انتخابات ہو سکتے ہیں۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور عبدالرشید ترابی نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی رکوائی جائے اور کشمیری عوام کو انکا حق خود اردیت دیا جائے۔ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں نے بندوق نیچے رکھ کر بھارتی گولیوں کا جواب صرف نعروں اور پتھروں سے دیا ہے لیکن اگر بھارتی فوج کی بربریت جاری رہی تو مقبوضہ کشمیر کا مایوس نوجوان متبادل راستہ اختیار کرسکتا ہے لہذا عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اقدامات کرے۔یاد رہے کہ بیرسٹرسلطان محمود چوہدری اور عبدالرشید ترابی نے ملین مارچ لندن کی کامیابی کے لئے مشترکہ جدوجہد کی تھی۔#/s#