کشمیری عوام بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں‘ گیلانی،

کشمیریوں سے ڈھونگ انتخابات کا بائیکاٹ اور آ ج مکمل ہڑتال کریں ، حر یت رہنما کا تقریب سے خطاب

پیر 24 نومبر 2014 21:55

سرینگر(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 24نومبر 2014ء)مقبوضہ کشمیر میں بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ کشمیری عوام بھارت کے جبری تسلط سے آزادی حاصل کرنے کیلئے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں اور ان قربانیوں ہرگزرائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ سیدعلی گیلانی نے ان خیالا ت کا اظہار سرینگر میں پارٹی ہیڈکواٹر پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف بھارت جمہوریت کے بلند بانگ دعوے کررہا ہے کہ ہر شخص کو اظہار رائے کی آزادی ہے دوسری طرف نام نہاد انتخابات کا بائیکاٹ کرنے والوں سے ان کا حق چھینا جارہاہے جبکہ بھارتی سپریم کورٹ نے بھی انکے بائیکاٹ کے حق کو تسلیم کررکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ دینے والوں کو ووٹ دینے کا حق دیا جاتا ہے اور ووٹ نہ دینے والوں کو اپنی رائے کے اظہار کا حق نہیں دیا جاتا بلکہ ان کے لیے گولیاں، آنسو گیس ، چھاپے، قتل اور گرفتاریاں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے گرفتار شدہ افراد اور عوام سے اپیل کی کہ وہ صبرواستقامت کا مظاہرہ کرکے جدوجہد کو جاری رکھیں۔ سید علی گیلانی نے نام نہاد انتخابات کی آڑ میں گرفتارہونے والے تمام حریت پسندوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف لوگ سیلاب کی تباہ کاری میں مبتلا ہیں اور دوسری طرف گرفتاریوں کا سیلاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیل اور تھانے بھرے جاچکے ہیں اور تحریک آزادی اور تحریک حریت سے وابستہ رہنماؤں اور کارکنان پابند سلاسل کئے جارہے ہیں ۔

انہوں نے جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چےئرمین محمد یاسین ملک کو بیماری کی حالت میں اسلام آباد مٹن جیل منتقل کرنے کی بھی مذمت کی۔ انہوں نے کہا غیرت منداور زندہ قوم کو زیب نہیں دیتا کہ وہ ان لوگوں کا ساتھ دیں جن کا ماضی داغدار ہو، جنہوں نے قوم کے ساتھ غداری کی ہو اورجنہوں نے محمد مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کو پھانسی دیکر شہید کیا ہو اور ان کی لاشیں تک واپس نہ کی ہوں۔

انہوں نے کہا یہی بہروپیے جمہوریت کے بلند بانگ دعوے کررہے ہیں مگر یہ نہیں کہتے کہ ان کو کیوں اور کس جرم میں پھانسی دی گئی۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ جرات کا مظاہرہ کرکے ان تمام بھارت نواز پارٹیوں کو مسترد کرکے نام نہاد انتخابات کا مکمل بائیکاٹ اور کل بانڈی پورہ اور گاندربل میں مکمل ہڑتال کریں۔بزرگ رہنمانے اس موقع پر پلوامہ اور کولگام اضلاع سے تعلق رکھنے والے سیلاب سے متاثرہ 50بے گھر خاندانوں میں دس دس ہزار روپے کے چیک اور دیگر اشیاء پر مشتمل پیکٹس تقسیم کئے ۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ مصیبت کی اس گھڑی میں سیلاب زدگان کی بھر پور مدد کریں ۔