ڈسٹرکٹ بار ایسو سی ایشن باغ نے ڈسٹرکٹ کمپلیکس ‘ ڈسٹرکٹ ہسپتال کی تعمیرمیں تاخیر اور ہائی کورٹ ‘شریعت کورٹ کے سرکٹ بینچ کے قیام پر عمل درآمد نہ ہونے کیخلاف احتجاجی تحریک چلانے کی دھمکی دیدی

منگل 25 نومبر 2014 16:52

باغ (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 25نومبر 2014ء ) ڈسٹرکٹ بار ایسو سی ایشن باغ نے ڈسٹرکٹ کمپلیکس ، ڈسٹرکٹ ہسپتال کی تعمیرمیں تاخیر اور ہائی کورٹ ، شریعت کورٹ کے سرکٹ بینچ کے قیام پر عمل درآمد نہ ہونے کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے کی دھمکی دے دی ، قومی نوعیت کے منصوبہ جات پر حکومت کی عدم دلچسپی اور بلا جواز تا خیر حکومت اور عوام کے لیے لمحہ فکریہ ہے ، باغ میں تعمیر و ترقی کا بیڑا غرق کر دیا گیا ، اگر حکومتی نمائندوں کو شرم ہوتی تو وہ باغ کا دورہ کرنے سے قبل یہاں ہونے والی تعمیر و ترقی میں کی جانے والی نا انصافیوں کا ازالہ کرتی ، باغ کے عوام کے ساتھ سو تیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے ، وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کراچی ، برمنگھم اور ملین مارچ کے نام پر کروڑوں روپے سرکاری وسائل سے خرد برد کیے ریاستی تشخص کو بری طرح پامال کیا ، آزاد کشمیر میں آئے ہوئے وفاق کے نا م نہاد نمائندے جنہیں ریاستی خزانے کا محافظ مقرر کیا گیا تھا وہ میثاق جمہوریت کے نام پر حکومت آزاد کشمیر سے ملے ہوئے ہیں اور حکومتی وزراء سرکاری خزانے پر بوجھ بنے ہوئے ہیں ، آزاد کشمیر میں لا قانونیت ، اقرباء پروری ، کرپشن اور میرٹ کی پامالی کا دور دورہ ہے ، احتساب بیورو اور حکومت پاکستان آزاد کشمیر کے اندر ہونے والی نا انصافیوں اور زیادتیوں کا نوٹس لیں ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ بار ایسو سی ایشن باغ کے صدر سردار طارق مسعود ایڈووکیٹ نے پریس بریفنگ کے دوران کیا ، اس موقع پر ان کے ہمراہ عبدالستار ایڈووکیٹ ، راجہ حفیظ الرحمن ایڈووکیٹ ، راجہ یٰسین ایڈووکیٹ ، چوہدری عبدالوحید ایڈووکیٹ ، سردار عثمان ایڈووکیٹ ، سردار سرفراز بیگ ایڈووکیٹ اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے ، صدر بار سردار طارق مسعود ایڈووکیٹ نے کہا کہ ڈسٹرکٹ کمپلیکس اور ڈسٹرکٹ ہسپتال ، جوڈیشل کمپلیکس پر دو سال سے کام بند ہے تمام منصوبے ادھورے پڑے ہوئے ہیں ایراء اور سیرا سے زیادہ حکومت آزاد کشمیر کی ذمہ داری تھی کہ وہ ان منصوبوں کو مکمل کروائے لیکن موجودہ حکومت ان منصوبوں کو مکمل کروانے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے ، جس کے باعث باغ کے وکلاء برادری میں گہری تشویش پائی جا رہی ہے ، انہوں نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر نے دو سال قبل باغ میں ہائی کورٹ ، شریعت کورٹ کے سرکٹ بینچ کے قیام کا اعلان کیا تھا اور مقامی وزیر نے بھی اس کی یقین دہانی کروائی تھی کہ نو ٹیفکیشن جاری ہونے پر وہ باغ میں جشن منائیں گے لیکن تا حال اس کا نو ٹیفکیشن جاری نہ ہو سکا ، باغ کی وکلاء برادری اس جشن کی منتظر ہے ، انہوں نے کہا کہ باغ میں موجودہ ڈسٹرکٹ ہسپتال کی حالت زار بی ایچ یو سے بھی بد تر ہو چکی ہے ، ایسے حالات میں اب عوام ایم ڈی ایس کو سی ایم ایچ کا درجہ دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں جو حکومت آزاد کشمیر پر باغ کے عوام کا عدم اعتماد ہے ، باغ کے عوام صحت کی سہولتوں سے محروم ہیں انہوں نے حکومت پاکستان ، چیف سیکرٹری اور ڈپٹی چیئرمین سیرا سے مطالبہ کیا کہ وہ باغ میں التواء کا شکار منصوبوں کو مکمل کرنے کے لیے جلد از جلد اقدامات اٹھائیں ، انہوں نے احتساب بیورو سے بھی مطالبہ کیا کہ ان منصوبوں میں تا خیر کرنے والے ذمہ داران کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے بصورت دیگر ڈسٹرکٹ بار باغ یہ سمجھے گا کہ احتساب بیورو بھی آزاد کشمیر کے وسائل پر بوجھ کے علاوہ کچھ نہیں انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پاکستان کی سیاسی اجارہ داری زور پکڑ رہی ہے اس کے خاتمے کے لیے آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کروایا جائے اور وزیر اعظم آزاد کشمیر بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اپنا وعدہ پورا کریں تا کہ یہاں سیاسی اجارہ داری کا خاتمہ ہو سکے ، انہوں نے کہا کہ گزشتہ بارشوں میں نقصانات کے حوالے سے چیف سیکرٹری آزاد کشمیر غیر جانبدارانہ کمیشن تشکیل دیں کیوں کہ اس وقت باغ میں پسند و نا پسند کی بنیاد پر فرضی و جعلی فہرستوں میں متاثرین کے نام شامل کیے گئے ہیں انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد انتخابات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں حق خود درادیت کا نام البدل الیکشن نہیں ہو سکتے ، انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں انتخابات کے دوران تشدد اور گرفتاریوں کی مذمت کی اور حکومت پاکستان سے بھی اپنا کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے خبر دار کیا کہ اگر حکومت آزاد کشمیر نے اپنے اعلان کردہ ہائی کورٹ ، شریعت کورٹ کے سرکٹ بینچ کے باغ میں قیام کا نو ٹیفکیشن فوری جاری نہ کیا اور ڈسٹرکٹ کمپلیکس اور ڈسٹرکٹ ہسپتال سمیت دیگر منصوبوں کی تعمیر جلد از جلد مکمل نہ کی تو ڈسٹرکٹ بار ایسو سی ایشن باغ زبردست تحریک کا آغاز کرے گی

متعلقہ عنوان :