میونسپل کارپوریشن مظفر آباد اور ویسٹ بیسٹر کمپنی کے درمیان کوڑا کرکٹ ری سائیکل کرنے کے پلانٹ کے معاہدہ پر دستخط

اتوار 30 نومبر 2014 16:46

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین۔30نومبر 2014ء) میونسپل کارپوریشن مظفر آباد اور ویسٹ بیسٹر کمپنی کے درمیان کوڑا کرکٹ ری سائیکل کرنے کے پلانٹ کے معاہدہ پر دستخط ہو گئے ‘ 35کروڑ روپے کی لاگت سے اس پلانٹ سے 75 فیصد مظفر آباد کا کوڑا کرکٹ قابل استعمال ہو جائیگا ۔ ان خیالات کا اظہار چیف آفیسر بلدیہ سید قمر عباس نے معروف صحافی و کالم نگار سعید الرحمن صدیقی کے ریڈیو آزاد کشمیر سے نشر ہونیوالے پروگرام ”اڈہ ڈھکی“ میں اظہار خیال کے موقع پر کیا ۔

انہوں نے کہا کہ پلانٹ ایک دِن میں 90 ٹن سے زائد کوڑا کرکٹ ری سائیکل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جبکہ مظفرآباد میں جمع ہونیوالا کوڑا کرکٹ 70 ٹن سے زائد نہیں ہے ۔ 25 سے 30لاکھ روپے صفائی پر اخراجات اُٹھتے تھے ۔ جن سے کافی حد تک چھٹکارا مل جائیگا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس طرح سے کوڑا کرکٹ سے آمدن بھی حاصل کی جا سکے گی اورکوڑا کرکٹ تلف کئے جانے کثیر اخراجات سے بھی چھٹکارا مل جائے گا ۔

شاہدرہ میں کوڑا کرکٹ تلف کرنے کے لئے پچاس کنال اراضی گو کے دستیاب ہے لیکن بھاری مقدار میں روزانہ کوڑا وہاں پر پہنچانے میں کافی اخراجات اُٹھتے تھے ۔ محض65 سینٹری ورکراکیلے مظفر آباد کو صاف ستھرا نہیں رکھ سکتے اس حوالے سے عوام کو بھی اپنی ذمہ داریوں کو احساس کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ کو حکومت سے کوئی گرانٹ نہیں ملتی یہ اپنے وسائل خود پورا کرتا ہے ‘ فائر بریگیڈ کیلئے چھوٹی گاڑیوں کی مرمت کا کام بھی کروا رہے ہیں جو ایمر جنسی کی صورت میں چھوٹے چھوٹے گلی محلوں میں بھی داخل ہو سکیں گی ۔

الحمد للہ ہم بلدیہ کی آمدن میں اضافہ کر رہے ہیں اور جب سے چیف آفیسر تعینات ہوا ہوں بلدیہ کی کارکردگی کافی حد تک بہتر ہوئی ہے ۔ اشیائے ضروریہ میں گراں فروشی کرنے والے دکانداروں کیخلاف عوام ہمارے متعلقہ عملہ سے فوراً رابطہ کر سکتا ہے ‘ ریٹ لسٹوں سے زائد کسی کو از خود قیمتیں مقرر کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے ۔ غیر قانونی اڈوں کے خاتمہ کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کے ساتھ ملکر اقدامات اُٹھا رہے ہیں جبکہ شہر کے تاریخی مقامات کے تحفظ کے حوالے سے بھی بلدیہ کام شروع کر رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے شکر گزار ہیں کہ ٹاہلی منڈی میں 100 کنال رقبہ پارک بنانے کیلئے ملا ہے جہاں ہم شاندار پارک بنائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :