پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی سے عوام کو ریلیف ملے گا،شیخ اکبر

بدھ 3 دسمبر 2014 16:55

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 03 دسمبر 2014ء)مسلم لیگ ن کے رہنما شیخ اکبر نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی سے عوام کو ریلیف ملے گا،اسلام آباد میں سرکس شو پیش کرنے والے اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل میں ناکام ہو چکے ہیں۔ مسلم لیگ ن حقیقی معنوں میں غریبوں کی جماعت اور میاں نوازشریف عوام کے مسلمہ لیڈر ہیں ۔ان خیالات کااظہار شیخ اکبر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف کے مختصر دور اقتدار میں عوام نے عملی طور پر خوشحالی کی منزلیں طے کرنا شروع کردی ہیں‘ دماغی مریضوں کا علاج مشکل ہے ناممکن نہیں اور یہ علاج آنیوالے الیکشن میں عوام خود کرینگے۔ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے سارک سربراہ کانفرنس میں بھرپور طریقہ سے پاکستان کی نمائندگی کا حق ادا کیا ہے ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کی طرف سے دہشت گردی کیخلاف جاری جنگ اور جنوبی ایشیاء میں تنازعات کو ختم کرنے کیلئے جو موقف اختیار کیا وہ پورے ملک کی نمائندگی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کی اہمیت اور ضرورت کے تحت وزیراعظم نواز شریف نے جموں و کشمیر سے متعلق قومی پالیسی کا اعادہ کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی مسلمہ قرار دادوں اور کشمیری عوام کی آزادی اور حق خود ارادیت کی اساس پر حل کرنے کا موقف اپنا کر جموں وکشمیر کے عوام کی صحیح ترجمانی کی ہے۔