جموں و کشمیر ماس موومنٹ کی طرف سے پارٹی رہنماؤں کی مسلسل نظربندی کی شدید مذمت

بدھ 10 دسمبر 2014 16:44

سرینگر(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 10 دسمبر 2014ء)مقبوضہ کشمیرمیں جموں و کشمیر ماس موومنٹ کی سربراہ فریدہ بہن جی نے پارٹی کے چیئرمین مولوی بشیر احمد عرفانی اور سینئر لیڈر عبدالرشید لون کی سرینگر سنٹرل جیل میں مسلسل نظر بند ی کی شدید مذمت کی ہے ۔ فریدہ بہن جی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ ایک طرف بھارتی حکمران اور اُن کے آلہ کار جمہوریت اور تمام مسائل کو جمہوری انداز میں حل کرنے کی بات کرتے ہیں تاہم دوسری طرف نام نہاد اسمبلی انتخابات کا بائیکاٹ کرنے سے روکنے کیلئے حریت رہنماؤں اور کارکنوں کومسلسل نظربند کر رکھا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ان اقدامات سے واضح ہو جاتاہے کہ بھارتی حکمرانوں کے ارادے کس قدر غیر جمہوری اور ظلم و تشددپر مبنی ہیں اور وہ جموں و کشمیر پر طاقت کے بل پر اپنے غیرقانونی تسلط کو طول دینا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ گرفتاریاں اور شہادتیں تحریک آزادی کا بیش قیمت اثاثہ ہیں اورکسی بھی صورت میں انہیں رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا ۔فریدہ بہن جی نے کہا کہ کشمیری کبھی بھی بھارتی مظالم کی وجہ سے اپنی تحریک آزادی سے دستبردار نہیں ہوں گے اورجدوجہدآزادی کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھاجائے گا ۔

اُنہوں نے کہا کہ مولوی بشیر احمد عرفانی اور عبدالرشید لون کے علاوہ غیر قانونی طورپر نظربند تمام حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ۔انہوں نے کہاکہ پارٹی رہنماؤں زاہد احمد اور فردوسہ اختر نے گزشتہ روز سریگنر سنٹرل جیل میں دونوں رہنماؤں اور دیگر حریت پسندوں سے ملاقا ت کی ۔انہوں نے کہاکہ انتظامیہ حریت رہنماؤں کو نام نہاد انتخابات کا بائیکاٹ کرنے پر سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے ۔