ملکی ترقی میں بیوروکریسی اہم کردار ادا کرسکتی ہے، قومی امور میں اہم سٹیک ہولڈرز کی حیثیت سے خدمت خلق اس کامشن ہونا چاہئے،چوہدری عبدالمجید

بدھ 17 دسمبر 2014 16:50

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 دسمبر 2014ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجیدنے کہا ہے کہ ملک کی ترقی میں بیوروکریسی اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔ قومی امور میں اہم سٹیک ہولڈرز کی حیثیت سے خدمت خلق اس کامشن ہونا چاہیے۔ جمہوری نظام کے استحکام میں ہی ملک کی ترقی وخوشحالی کا راز مضمر ہے۔ دھرنوں کی سیاست سے عوام کو گڈ گورننس فراہم نہیں کی جاسکتی۔

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عسکری قیادت سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کو متحد ہونا پڑے گا۔ وہ گزشتہ روز نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ کے ایس ایم سی کورس کے شرکاء سے گفتگو کررہے تھے۔ جن کے اعزاز میں گزشتہ روز ایوان وزیراعظم میں عشائیہ دیا ۔اس موقع پر وزیر خزانہ ومنصوبہ بندی وترقیات چوہدری لطیف اکبر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات، سیکرٹری سروسز منیر احمد چوہدری، سیکرٹری اطلاعات شہلا وقار، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ اسد حبیب اعوان، میڈیاایڈوائزر سید عزا دار حسین کاظمی، میڈیا کنسلٹنٹ واحد اقبال بٹ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے وفد کو آزادکشمیر کے حکومتی سسٹم، تحریک آزادی کشمیر اور ترقیاتی منصوبوں کے متعلق بتایا اور شرکاء کے سوالات کے جوابات دیئے ۔وزیراعظم نے ایک سوال پر کہاکہ آزادکشمیر میں جمہوری نظام مستحکم ہے یہاں شرح خواندگی دیگر صوبوں کے مقابلے میں زیادہ ہے ریاست کے بجٹ کا سب سے بڑا حصہ تعلیم کے شعبہ پر خرچ کیا جارہا ہے۔ موجودہ حکومت نے آزادکشمیر کی تاریخ میں پہلی بار 3میڈیکل کالجز، 5یونیورسٹیاں کیڈٹ کالج اور فنی تعلیم کے دیگر ادارے قائم کیے ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ 84ہزار مربع میل ریاست جموں وکشمیر ناقابل تقسیم وحدت ہے جس کا فیصلہ ہونا باقی ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے کشمیریوں کے تمام انسانی حقوق سلب کررکھے ہیں اور افسپا، ڈسٹربڈ ایریا ایکٹ اور پبلک سیفٹی ایکٹ جیسے کالے قوانین نافذ کرکے گزشتہ کئی دہائیوں سے نہ صرف بے دردی کے ساتھ کشمیریوں کے حقوق پامال کیے گئے بلکہ ان کالے قوانین کے بل بوتے پر بھارتی افواج نے مظالم پر صدائے احتجاج بلند کرنے پر بھی پابندی عائد کردی اور پامالیوں میں ملوث بھارتی فوجیوں کومکمل تحفظ فراہم کیا جارہا ہے گزشتہ 25سال کے دوران ہزاروں کشمیریوں کو شہید کیا گیا۔

9ہزار سے زائد افراد لاپتہ کیے گئے اور ریاست کے مختلف علاقوں سے ہزاروں گمنام قبروں کی دریافت کی گئیں،فرضی جھڑپوں میں ان گنت کشمیریوں کو شہید کیا عورتوں کی حرمت کو پامال کیا گیا اور آج نام نہاد انتخابی عمل اور کشمیر پر اپنے غیر قانونی اور ناجائز قبضے کو دوام بخشنے کے لیے تمام حریت قیادت کو پابند سلاسل کیا گیا ہے دنیا میں کشمیری قوم انسانی حقوق کی پامالیوں کی سب سے زیادہ شکار ہے اور انسانی حقوق کی ان پامالیوں پر عالمی خاموشی قابل افسوس ہے اور اس خاموشی سے بھارت کو کشمیریوں پر مزید مظالم ڈھانے کے لیے حوصلہ افزائی بھی ہورہی ہے ۔

وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ بھارت اپنی کھوکھلی جمہوریت کے پیچھے مقبوضہ کشمیر میں جس طرح انسانیت سوز مظالم ڈھا رہا ہے ان تمام تر مظالم کے باوجو کشمیری کبھی بھی اپنے حق خودارادیت سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی ۔پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اقوام متحدہ کے اندر کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے آواز بلند کی اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے او آئی سی میں کشمیر پر رابطہ گروپ قائم کروا کر کشمیریوں کو اس میں نمائندگی دلائی ان کی یہ خدمات تاریخ کا حصہ ہیں جو ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

تقریب کے آخر میں وزیراعظم آزادکشمیر نے وفد کے سربراہ کو سونیئر بھی دیا۔