(ن) لیگ کی ریلی شاردہ پہنچ گئی ،جگہ جگہ شاندر استقبال،شاہ غلام قادر زندہ باد کے نعروں سے نیلم کی سرزمین گونج اٹھی

ہفتہ 20 دسمبر 2014 16:24

آٹھمقام ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 دسمبر 2014ء) مسلم لیگ ن کی ریلی شاردہ پہنچ گئی جگہ جگہ شاندر تاریخی استقبال،شاہ غلام قادر زندہ باد کے نعروں سے نیلم کی سرزمین گونج اٹھی۔ عوام کے حقوق دلا کر دم لوں گا شاہ غلام قادر۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی مظفرآباد سے شروع ہونے والی اظہار تشکر کی ریلی جوکہ شہدائے پشاور کے نام سے منسوب کی گئی ہے سینکڑوں گاڑیوں کی ریلی بالائی نیلم شاردہ پہنچ گئی ہے، مسلم لیگ کے کارکنوں نے مرکزی قیادت اور شاہ غلام قادر کا باب نیلم سمیت اہم جگہوں جورا،کنڈل شاہی آٹھمقام، دواریاں لوات سمیت جگہ جگہ شاندار استقبال کیا گیا مرکزی قیادت کو ہار پہنائے گئے پھول کی پتیاں نچھاور کی گئی جذباتی کارکن جگہ جگہ ریلی روک کر مسلم لیگ ن اور وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے۔

(جاری ہے)

شاردہ پہنچنے پر بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری سابق سپیکر اسمبلی شاہ غلام قادر ، ممبر اسمبلی بیرسٹر افتخار گیلانی،ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر، جواد گیلانی،ضلعی صدر ارسل خان صدیقی،جنرل سیکرٹری محمد نواز اعوان، حلقہ صدر خواجہ محمد بشیر، خواتین ونگ کی صدر عظمیٰ شریں ایڈووکیٹ، سردار اعجاز سلطان ایڈوکیٹ نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر چند دنوں کی مہمان ہے سیاسی مفاہمت کے نام پر پیپلز پارٹی وقت گزار رہی ہے ۔

مجاوروں کی انتقامی کاروائیوں کا حساب لیا جائے گا۔ بلند بانگ دعوے کرنے والے بتائیں کس جگہ کوئی اینٹ بھی رکھی ہے۔ آزاد کشمیر کے ترقیاتی فنڈز سے پیپلز پارٹی کے اخراجات پورے کئے جا رہے ہیں زرداری ہاؤس کے غلام مجاور حکومت کو کنٹرول کرتے ہیں۔ زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو کے60 ارب روپے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں منتقل کر کے آزاد کشمیر کے عام انتخابات میں دھاندلی کی گئی ہماری اکثریت کو تبدیل کیا گیاہے۔

وفاقی حکومت نے آزاد کشمیر کی بہتری کے لئے انتظامی فنڈز دئیے لیکن مجاور حکومت تعمیر ترقی کے بجائے سیاسی رشوت اور عیاشیوں پر خرچ کئے جا رہے ہیں آفیسران سے وزراء ماہانہ بھتہ وصول کرتے ہیں گذشتہ چار سالوں میں اربوں روپے کے قیمتی پتھر نیلم سے نکالے گئے لیکن ایک پیسہ بھی قومی خزانے میں جمع نہیں کروایا گیا ہے حکومتی وزراء جنگلات کو بے دردی سے کٹوا رہے ہیں وسائل کو بے دردی سے لوٹا جا رہا ہے نیلم کے عوام کو حالات و وقت کے رحم کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے ۔

انتقامی کاروائیوں سے مسلم لیگ ن سے سیاسی وابستگی تبدیل کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ مظلوم لوگوں کو انصاف دینا اولین ترجیح ہے۔وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف جلد نیلم کا دورہ کر رہے ہیں مسلم لیگ ن ایک ایک پیسہ عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لئے برائے راست خرچ کرے گی۔ ہائیڈرل پاور شونٹھر ٹنل،ایکسپریس وے کے منصوبہ جات سے پورے ریجن میں معاشی انقلاب آئے گا ۔روز گار کے اتنے مواقع پیدا ہوں گے لوگ باہر سے یہاں آئیں گے پاکستان میں سیاسی استحکام سے معاشی ترقی کی رفتار تیز ہو گی آزاد کشمیر میں جلد عوام کو مجاروں کی حکومت سے نجات دلا دی جائے گی۔