لچھراٹ ترقیاتی پیکج تکمیل کی جانب رواں دواں

وزیر اطلاعات ،زراعت و لائیو سٹاک سید بازل علی نقوی نے کردلہ جھنڈ گراں پختہ سڑک کا افتتاح کر دیا

اتوار 21 دسمبر 2014 16:02

مظفرآباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 دسمبر 2014)لچھراٹ ترقیاتی پیکج تکمیل کی جانب رواں دواں ،وزیر اطلاعات ،زراعت و لائیو سٹاک سید بازل علی نقوی نے کردلہ جھنڈ گراں پختہ سڑک کا افتتاح کر دیا ،منصوبہ 25 سال بعد مکمل ،علاقے کے لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ،فضاء جیوے بے نظیر ،جیوے بلاول اور جیوے بازل کے نعروں سے گونج اٹھی ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوے وزیر اطلاعات ،زراعت و لائیو سٹاک سید بازل علی نقوی نے کہا کہ ترقی ،خوشحالی اور تبدیلی کا مشن لیکر آیا تھا اللہ رب العزت کا لاکھ لاکھ مرتبہ شکر ادا کرتا ہوں کہ اس کے حضور سرخرو ہوں ،لوگوں کے کام ہو رہے ہیں ان کا ساتھ حاصل ہے اور حلقہ دو پورے آزادکشمیر میں تعمیر و ترقی کے اعتبار سے اس وقت پہلے نمبر پر ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ابھی مزید ترقیاتی کام بھی ہوں گے حلقے میں 260 کلومیٹر سڑکوں کا جال بچھایا جا رہا ہے ،سکول دئیے ،بی ایچ یو دئیے ،کالج دئیے ،پیر چناسی جیسا غیر معمولی سیاحتی پیکج دیا ،واٹر سپلائی کے کئی منصوبے دیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ علاقے کے لوگوں کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے کوئی کثر نہیں چھوڑیں گے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا نظریہ لوگوں کی خدمت ہے۔

شہید بے نظیر بھٹو نے اپنے جان اسی مشن پر قربان کی اور ہم ان کے نظریات کی پاسداری کا عزم کیے ہوئے ہیں۔ وزیراطلاعات نے ان خیالات کا اظہار لنک روڈ کردلہ جھنڈگراں بانڈی فقیر محمد فیز II کا افتتاح کرنے کے بعد جھنڈگراں بالا میں ایک بڑی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سید بلال حسن کاظمی، سید حسن رضا سبزواری ، سید عارف حسین کاظمی، سید شوکت حسین شاہ کاظمی، سید صابر حسین شاہ کاظمی ،عمران کاظمی، سید زین عباس کاظمی اور پیپلزپارٹی کے سینکڑوں کارکنوں نے شرکت کی۔

سید بازل علی نقوی نے کہا کہ اس وقت حلقے میں 260 کلومیٹر سڑکوں کا جال بچھا دیا گیا ہے۔ ڈگر ی کالج ، پانی ، سڑکیں اور 18 دیہات کے لیے 28 کروڑ کے منصوبے پر کام جلد ہی شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ علاقے کے پل کیلئے ساڑھے چھ کروڑ روپیہ منظورہو چکا ہے جس کا ٹینڈر جلد ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے آپ لوگوں سے جو جو وعدے کیے وہ پورے کر چکا ہوں لیکن اب بھی مزید ترقیاتی منصوبوں پر کام ہو گا۔

انہوں نے کہاکہ اگلے تعلیمی سال سے آپ کے سکول میں آٹھویں تک کلاسیں شروع ہو جائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ آپ لوگوں نے ساتھ دیا اور اسی طرح ڈٹ کر پاکستان پیپلزپارٹی کے ساتھ وفادار رہے تو یہ علاقہ مزید ترقی کی جانب گامزن رہے گا۔اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر سید قلب عباس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے قائد سید بازل علی نقوی جرات مند اور بے باک شخصیت ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی نے عوام کو شعور دیا اور ہمارے قائدین نے اپنی جانوں کی قربانی دے کر عوام کے حقوق چھین کر لیے۔ انہوں نے کہاکہ بازل علی نقوی کی قیادت میں یہ قافلہ رواں دواں رہے گا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین زکوة کمیٹی جھنڈگراں سید عارف شاہ نے کہا کہ وزیراطلاعات سید بازل علی نقوی نے حلقے میں تعمیر و ترقی کا انقلاب برپا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اطلاعات نے کارکنوں کو ایسی قومی سوچ دی ہے جس کی ماضی میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔ انہوں نے کہاکہ وزیراطلاعات نے لوگوں کی 65 سالہ محرومیوں کا اذالہ کیا ہے۔ جس پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ اس موقع پر سانحہ پشاور میں شہید ہونے والے افراد کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔