جشن عیدمیلادالنبی ﷺکے سلسلہ میں مرکزی سیرت کمیٹی کے زیراہتمام علماء کانفرنس کل منعقدہوگی

پیر 22 دسمبر 2014 16:26

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 دسمبر 2014ء)مرکزی سیرت کمیٹی کے زیراہتمام جشن عیدمیلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلہ میں علماء کانفرنس آج منعقدہوگی۔”علماء کانفرنس “میں مظفرآبادشہرومضافات کے جیدعلماء کرام شرکت کریں گے ‘مرکزی سیرت کمیٹی کے زیرانتظام جامع مسجد سیرت کمیٹی بینک روڈمیں صبح 9بجے منعقدہ کانفرنس میں جشن عیدمیلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بھرپورجوش وجذبہ اور منظم اندازسے منانے کے حوالے علماء کرام کی مشاورت سے متفقہ لائحہ عمل طے کیاجائے گا۔

مرکزی سیرت کمیٹی کے نائب صد وناظم کانفرنس علامہ محمدپرویزقریشی کے مطابق کانفرنس کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔کانفرنس کی صدارت مرکزی سیرت کمیٹی کے صدر صاحبزاہ پیرمحمدسلیم چشتی کریں گے۔

(جاری ہے)

علامہ محمدپرویزقریشی نے بتایاکہ مرکزی سیرت کمیٹی نے ماہ مبارک ربیع الاول کے موقع پر پہلی بارعلماء کانفرنس کے انعقادکیافیصلہ کیاہے جس میں ملک کی بدلتی ہوئی صورتحال سمیت حضور رحمت عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کی تقریبات کو منظم اور بھرپوراندازسے منانے کے حوالے سے متفقہ لائحہ عمل اور ضابطہ اخلاق کو حتمی شکل دی جائے گی۔

علامہ محمدپرویزقریشی نے کہاکہ مظفرآباد کی ضلعی انتظامیہ بالخصوص اور آزادکشمیربھرکی انتظامیہ بالعموم حقیقی سواداعظم اہلسنت وجماعت کے پرامن ہونے کا ناجائزفائدہ اٹھارہی ہے اور اہل سنت کے اجتماعات کو اس اندازسے سکیورٹی فراہم نہیں کی جاتی جس کا وہ استحقاق اور حالات تقاضاکرتے ہیں۔ان کا کہناتھاکہ کیا انتظامیہ کسی سانحہ کی منتظرہے۔

انہوں نے خبردارکیاکہ اگر ماہ ربیع الاول شریف کے دوران کہیں کوئی ناخوشگوارواقعہ رونماہواتو اس کی ذمہ دارآزادکشمیر حکومت کے ساتھ متعلقہ انتظامیہ پر عائدہوگی۔اہل سنت پر امن ہیں مگر اس کا ہرگزیہ مطلب نہیں کہ ان کی جان ومال کی کوئی قدروقیمت نہیں۔علامہ محمدپرویزقریشی نے کہاکہ ربیع لاول شریف امن ومحبت پھیلانے اور عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو عام کرنے کا مہینہ ہے ۔اہل سنت اپنی روایات کو برقراررکھتے ہوئے اس مشن پر گامزن رہیں گے تاہم اگر کسی نے انہیں چیلنج کرنے کی کوشش کی تو اس کے بھیانک نتائج برآمدہونگے۔