زمردہ حبیب کا کشمیری نظربندوں کی حالت زار پر اظہار تشویش ،

بارہ مولہ جیلوں میں نظر بند آزادی پسند نوجوانوں کو بلا جواز قید رکھا گیا، کوئی قانونی واخلاقی جواز نہیں، بیان

بدھ 24 دسمبر 2014 18:11

سرینگر ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر 2014ء)مقبوضہ کشمیرمیں کشمیر تحریک خواتین کی سر براہ زمردہ حبیب نے طویل عرصے سے نظربند کشمیریوں کی حالت زار پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد اور بارہ مولہ جیلوں میں نظربند آزاد ی پسند نوجوانوں کو بلا جوازطورپر قید رکھا گیا جس کا کوئی قانونی و اخلاقی جواز نہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ جیلوں میں کشمیری نظر بندوں کوسیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے علاج معالجے سمیت دیگر تمام بنیادی سہولتوں سے بھی محروم رکھا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

زمردہ حبیب نے تمام گرفتار نوجوانوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیااور مائسمہ میں چھاپوں اور گرفتاریوں کی کارروائیوں کی مذمت کی ۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ کشمیر میں غیر جمہوری و غیر قانونی پالسیوں کو ترک کروانے کیلئے بھارتی حکومت پراپنا اثر رسوخ استعمال کریں۔انہوں نے نظربندوں کے حقوق کی پاسداری کے مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ قیدیوں کے تحفوظ کو یقینی بنایا جائے، جیلوں میں نظربند حریت پسندوں کے حقوق کا احترام کیاجاناچاہیے ۔