چوہدری عبدالمجیدسے مولانا سعید یوسف کی ملاقات ،

آزادکشمیر میں امن وامان ،بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنے کیلئے سیاسی ودینی قوتوں کے درمیان باہمی تعاون پر تبادلہ خیال

منگل 30 دسمبر 2014 17:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین۔ 30دسمبر 2014ء)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجیدسے جمعیت علماء اسلام( ف)آزادکشمیر کے امیر مولانا سعید یوسف نے ملاقات کی ۔منگل کے روز کشمیر ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں آزادکشمیر کے اندر امن وامان اور بھائی چارے کی فضا کو برقراررکھتے ہوئے دہشت گردی کے کسی بھی ممکنہ واقعہ سے نمٹنے کے لیے سیاسی ودینی قوتوں کے درمیان باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے آزادکشمیر کے اندر امن وبھائی چارے کی فضا کو مزید مستحکم بنانے اور سیکورٹی کی صورتحال کو فول پروف بنانے کے لیے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھتے ہوئے تمام دینی وسیاسی قوتوں کے درمیان تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ۔ ملاقات میں وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے پلندری میں آئی ٹی یونیورسٹی کا آئندہ تین ہفتوں دوران افتتاح کرنے اور یونیورسٹی کے سب کیمپس منگ میں کلاسوں کا اجراء ہوچکا ہے کہ لیے مزید فنڈز جاری کرنے کا بھی اعلان کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ سدھنوتی آزادکشمیر کا اہم ضلع ہے جس میں صحت وتعلیم اور سڑکوں کی بہتری پر بھرپور توجہ دی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کی بیرونی سرحدوں کے ساتھ ساتھ اندرون ملک سے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے قیمتی اور بے مثال قربانیاں دے رہی ہیں ۔دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں پاک افواج کو قوم کا مکمل اعتماد اور حمایت حاصل ہے ۔انہوں نے کہاکہ جب قوم کسی بھی مسئلے کے حل کے لیے متفق ہوجائے تو اس کو کوئی شکست نہیں دے سکتا اور اس وقت پاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ پر مکمل طور پر متحد ومتفق ہوچکی ہے۔