آزادکشمیر میں بائیومیٹرک سسٹم کی تنصیب گڈ گورننس کا ثبوت ،ای گورننس کی طرف اہم پیش رفت ہے،سردار غلام صادق

جمعرات 1 جنوری 2015 16:42

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 1جنوری 2015ء)آزادجموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر سردار غلام صادق ،وزیر خزانہ،منصوبہ بندی وترقیات چوہدری لطیف اکبر،وزیر بحالیات عبدالماجد خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں بائیومیٹرک سسٹم کی تنصیب گڈ گورننس کا ثبوت اور ای گورننس کی طرف اہم پیش رفت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزادکشمیر کے محکمہ منصوبہ بندی وترقیات میں نئے سال کے موقع پر بائیومیٹرک سسٹم سمیت 4نئے سسٹم سے دفتری امور کے افتتاح کے موقع پر کیا۔

نئے متعارف کرائے گئے سسٹم میں بائیومیٹرک سسٹم کے ذریعے حاضری ،کمپیوٹرائزڈ ڈاک کا نظام، ترقیاتی سکیموں کی مانیٹرنگ کا طریقہ کار اور ترقیاتی منصوبہ جات کیلئے کئے جانیوالے اخراجات کی مانیٹرنگ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

سپیکر اسمبلی سردار غلام صادق نے کہا کہ اس نئے نظام کے افتتاح سے ثابت ہے کہ ہم بہتری کی طرف گامزن ہیں۔جدید ترین نظام کی تنصیب پر محکمہ کے آفیسران اور اہلکاران مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے انتہائی لگن اور محنت سے یہ کام کیا۔

یقینا بہت ساری رکاؤٹیں آتی ہیں اور شائد آگے بھی آئیں لیکن ترقی کا سفر جاری رہنا چاہیے۔ وزیر خزانہ ،منصوبہ بندی وترقیات چوہدری لطیف اکبر نے نئے نظام کی تنصیب اور باقاعدہ آغاز کو سراہتے ہوئے کہا کہ دور جدید کے تقاضوں کے ساتھ ہم آہنگ ہونے کیلئے یہ ایک اہم پیش رفت ہے جس سے نہ صرف محکمانہ مانیٹرنگ کا نظام بہتر ہو گا بلکہ حکومتی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئیگی۔

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں گڈ گورننس کا قیام وقت کی اہم ترین ضرورت ہے جس کے پیش نظر اس طریقہ کار کی اشد ضرورت تھی۔ وزیر خزانہ نے دیگر محکمہ جات کے سربراہان کو بھی یہ سسٹم اپنے محکمہ جات میں نصب کرنیکی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی سکیمز کی مانیٹرنگ سے خطہ میں انقلابی تبدیلیاں آئیں گی۔ آزادکشمیر میں نیشنل ایجوکیشن پالیسی کے نفاذ کے بعد اس طرح کے مانیٹرنگ سسٹم کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ تمام سکولز اور کالجز کو بھی اس نظام کا حصہ بنایا جانا ضروری ہے تاکہ نظام تعلیم میں بھی بہتری آسکے۔

اس کے ساتھ ساتھ تمام محکمہ جات کے پرانے ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کا عمل بھی شروع کرنا ضروری ہے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ جدید نظام کے آغاز کے بعد یہ ضروری ہو گیا ہے کہ تمام محکمہ جات میں تعینات آفیسران واہلکاران کی باقاعدہ تربیت کا انتظام کیا جائے جس کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر اداروں سے رابطہ کیا جائیگا۔وزیر بحالیات عبدالماجد خان نے اس نظام کی تنصیب کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کو مزید بہتر بنانے اور عملہ کو تربیت دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ بہت جلد پورے آزادکشمیر میں جدید طریقہ کار کو نافذ کیا جائیگا اور تمام محکمہ جات کو منصوبہ بندی وترقیات کی طرز پر نظام بنانے کے لیے کوششیں عمل میں لائی جائیں گی۔سیکرٹری منصوبہ بندی وترقیات ظفر نبی بٹ نے نئے سسٹم کے افتتاح کے موقع پر بریفنگ دی۔اس موقع پر سیکرٹری SDMA محمد اکرم سہیل،سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شہلا وقار ،سیکرٹری جنگلات فرحت علی میر،سیکرٹری تعلیم محمود خان ،محکمہ منصوبہ بندی وترقیات کے سینئر آفیسران ،ڈائریکٹر اطلاعات راجہ اظہر اقبال اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام بھی موجود تھے۔