سجاول میں پیٹرولیم اشیاء کی اضافی قیمت وصول، اشیائے صرف کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا

منگل 6 جنوری 2015 16:26

سجاول (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 06 جنوری 2015ء ) ضلع سجاول میں پیٹرولیم اشیاء کی اضافی قیمت وصول کی جارہی ہے ،جس سے علاقے میں دیگر اشیائے صرف کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیاہے ،حال ہی میں پیٹرولیم کی قیمت میں کمی کے باوجود سجاول میں اضافی قیمت وصول کرنے کا سلسلہ جاری ہے، جس سے کرایوں میں بھی اضافہ کردیاگیاہے ،ڈرائیور حضرات کا کہناہے کہ سجاول میں پیٹرول پمپ مالکان مقررہ سرکاری نرخ سے دو روپے تک فی لیٹر اضافی پیسے بٹوررہے ہیں، جبکہ قیمتیں کم ہونے پر پمپ بند کرکے بلیک مارکیٹنگ بھی کرنے میں مصروف ہیں، اس ضمن میں مقامی انتظامیہ نے کوئی نوٹس نہیں لیاہے ،ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی تاحال کمی نہیں کی جاسکی ہے جس سے مسافروں کو اضافی کرایہ ادا کرنا پڑرہاہے ،علاوہ ازیں علاقے میں دیگر اشیائے صرف بھی اسی عذر کے باعث مہنگی فروخت ہورہی ہیں، حیرت انگیز امر یہ ہے کہ سجاول کے قرب وجوار کی پیدائش سبزی، گوشت ،اور مرغی کی قیمتوں میں بھی زائد وصولی کرکے غریب عوام کی جیبیں خالی کی جارہی ہیں، تاہم مارکیٹ کمیٹی اور پرائس کنٹرول عملہ غائب ہے ،اور محض تاجروں کی من پسند ریٹ لسٹ جاری کرنے پر اکتفاکررہے ہیں،مقامی شہریوں نے فوری طور پر مہنگائی کے خلاف موثر کاروائی کا مطالبہ کیاہے ۔