حکومت نے پترینڈ ہائیڈل پراجیکٹ کے متاثرین کے مسائل حل نہ کئے تو بھرپور عوامی تحریک چلائیں گے ، بیرسٹر افتخار گیلانی

جمعرات 8 جنوری 2015 17:55

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 جنوری 2015ء)دارالحکومت مظفرآباد سے منتخب اپوزیشن رکن اسمبلی بیرسٹر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ اگر حکومت آزادکشمیر نے پترینڈ ہائیڈل پراجیکٹ کے متاثرین کے مسائل حل نہ کئے تو پھر بھرپور عوامی تحریک چلائیں گے اور پراجیکٹ پر کام بند کر ا دیا جائے گا اپنے حق کیلئے آواز بلند کرنے والے متاثرین پترینڈ پر پولیس تشدد اور ان کی گرفتاریاں قابل مذمت ہیں اس طرح کا ریاستی جبر برداشت نہیں کیا جائے گا حکومت نے دو روز کے اندر پترینڈ متاثرین کے خلاف درج بے بنیاد مقدمات واپس نہ لے کر انہیں رہا اور مسائل حل نہ کئے تو آئندہ کے فیصلہ کن لائحہ عمل کا اعلان کرینگے ایک وزیر نے وزیراعظم کے دفتر میں قانون ہاتھ میں لیا اور سینئر بیورو کریٹ پر تشدد کیا اسکے خلاف کاروائی نہیں ہوئی دوسری طرف اپنے حق کیلئے آواز بلند کرنیوالوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے بیرسٹر افتخار گیلانی مرکزی ایوان صحافت میں لیگی رہنماؤں آصف مصطفائی ، اعظم رسول ، فیصل آزاد ، فواد گیلانی ، عمران ترین کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین سال سے متاثرین پترینڈ پراجیکٹ پر امن احتجاج کر رہے ہیں مگر انہیں جھوٹے وعدوں پر ٹرخایا جا رہا ہے ہائیڈل پراجیکٹ کیلئے اپنی زمینیں جائیدادیں اور قبرستان قربان کرنیوالوں سے سنگین نا انصافیاں ہو رہی ہیں متاثرین کے حقوق غصب کئے جا رہے ہیں مگر حکومت ٹس سے مس نہیں ہو رہی انہوں نے کہا کہ پر امن احتجاج کرنیوالے عوام پر دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمات کا اندراج بد ترین پولیس گردی اور ریاستی دہشت گردی ہے جسے قبول نہیں کیا جائیگا پولیس چادر اور چار دیواری کا تقدس پائمال کر رہی ہے اور حالات برداشت سے باہر ہو گئے ہیں پترینڈ پراجیکٹ کے دوران متعدد راہگیروں کو بھی گرفتا رکر لیا گیا ہے ہم حکومت انتظامیہ اور پولیس پر واضع کر دینا چاہتے ہیں کہ وہ پر امن ماحول کو دہشت زدہ بنانے سے گریز کریں اگر دو روز کے اندر معاملہ حل نہ ہوا تو مظفرآباد کی دھرتی پر چلنا پھرناممکن نہیں ہو گا ۔