شہداء کے مشن کی تکمیل تک کشمیری جدوجہد جاری رکھیں گے، جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ

ہفتہ 10 جنوری 2015 16:28

سرینگر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 جنوری 2015ء) جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنماؤں نے شہداء کے مشن کی تکمیل تک جد وجہد جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ نور محمدکلوال، شیخ عبدالرشید اور بشیر احمد کشمیری نے سرینگر کے مختلف علاقوں میں عوامی اجتماعات سے خطاب میں کہا کہ کشمیری بھارت کے غیر قانونی تسلط سے نجات کیلئے بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عظیم قربانیوں کی ہر قیمت پر حفاظت کی جائے گی۔ لبریشن فرنٹ کے رہنماؤں نے کہا کہ بھارت کی یہ غلط فہمی ہے کہ وہ اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا جبر و استبداد کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ہرگز متزلزل نہیں کر سکتا اور وہ اپنے شہداء کے مشن کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھیں گے۔