کشمیربینک کو سپیشل شیڈولڈ سٹیٹس دینے سے اس کی صلاحیت اور کارکردگی میں زبردست اضافہ ہو گا‘وزیر خزانہ،

یہ بینک اس خطے میں اپنی منفرد کریڈٹ سکیموں سے معاشی انقلاب لا سکتا ہے‘چوہدری لطیف اکبر

اتوار 11 جنوری 2015 14:51

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین۔ 11جنوری 2015ء) آزاد کشمیر کے وزیر خزانہ اور چیئر مین بینک آف آزاد جموں و کشمیر چوہدری لطیف اکبر نے کہا ہے کہ کشمیربینک کو سپیشل شیڈولڈ سٹیٹس دینے سے اس کی صلاحیت اور کارکردگی میں زبردست اضافہ ہو گا۔ یہ بینک اس خطے میں اپنی منفرد کریڈٹ سکیموں سے معاشی انقلاب لا سکتا ہے۔ریاست میں کام کرنے والے دیگر بینکوں کو کشمیر بینک کی تقلید کرنی چاہیئے کیوں کہ بینک آف آزاد جموں و کشمیر نے اس خطے کی معاشی اور سماجی ترقی کے لئے گزشتہ چند برسوں میں ہی قابل قدر خدمات سر انجام دی ہیں ۔

وہ گزشتہ روز سٹیٹ بینک کے زیر اہتمام زرعی پاس بک لانچنگ کی خصوصی تقریب کے اختتام پر صدارتی خطاب کر رہے تھے۔ تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک سعید احمد تھے، جن کا بینکنگ کی دنیا میں نصف صدی کا تجربہ ہے اور جو دنیا کے مایہ ناز بینکوں میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔

(جاری ہے)

تقریب میں سٹیٹ بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید ثمر حسن، ایم ڈی بینک آف آزاد جموں و کشمیر فضل الرحمان، سٹیٹ بینک کے دیگرحکام، بینکوں کے ریجنل ہیڈز، سکریٹری زراعت آزاد کشمیر شہلا وقار ، مختلف انجمنوں کے سرکردہ افراد نے شرکت کی۔

وزیر خزانہ نے کشمیر بینک کی زرعی کریڈٹ سکیموں کو سراہتے ہوئے کہا کہ شیڈولڈ سٹیٹس سے یہ بینک مزید بہتر طریقے سے خطے کی معیشت کے فروغ کے لئے کام کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کئے گئے کارڈ کے اجراء سے زمینداروں کو سہولتیں دستیاب ہوں گی۔ انہیں آسانی سے ون ونڈو آپریشن کے تحت قرضے فراہم ہوں گی۔ انہوں نے کشمیر بینک کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس نے کم وقت میں اس خطے میں زرعی قرضوں اور مائیکرو کریڈٹ کے متعدد سکیموں کا اجراء کیا۔

یہ واحد بینک ہے جو یہاں سرمایہ جمع نہیں کرتا بلکہ یہاں کے عوام کی بہتری اور خوشحالی کے لئے کام کر رہا ہے۔ دیگر بینکوں کو بھی کشمیر بینک کے نقش قدم پر چلنا چاہیئے۔ انہیں بھی اس خطے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے۔

متعلقہ عنوان :